واٹربورڈ کھربوں کی اراضی وا گزار کرانے کیلیے آپریشن کا فیصلہ

چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنٹ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز سے واٹر بورڈ کی اراضی پر قائم قبضوں کی تفصیلات طلب


Staff Reporter November 12, 2018
فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں پر رہائشی مکانات اور سوسائٹیاں تک بنالی گئی ہیں جنھیں مسمار کر کے اراضی کو واگزار کرایا جائے گا، ذرائع فوٹو: فائل

ATHENS: ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی نے کھربوں روپے کی قیمتی اراضی پر قبضے واگزار کرانے کے لیے بڑے آپریشن کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس سلسلے میں تمام چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنٹ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز سے رپورٹ مانگ لی گئی ہے،ڈائریکٹر انسداد تجاوزات اور چیف سیکیورٹی آفسر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو خطوط ارسال کر دیے، تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی اورڈی ایم سیز کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کرنے کے بعد واٹر بورڈ بھی میدان میںآگیا ہے،ذرائع کاکہنا ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ نے قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کے لیے گرین سگنل دیدیا ہے ادارے کے چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنٹ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز سے واٹر بورڈ کی اراضی پر قائم قبضوں کی تفصیلات مانگ لی گئی ہیں۔

واٹر بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فراہمی ونکاسی آب کی لائنوں پر رہائشی مکانات،سوسائٹیز تک بنالی گئی ہیں جنھیں مسمار کر کے اراضی کو واگزار کرایا جائے گا، واٹر بورڈ نے بڑے آپریشن میں کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیاہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں واٹر بورڈ کی سیکڑوں ایکٹر اراضی پر قبضہ ہے جس کی مالیت کھربوں روپے بتائی جاتی ہے،واٹر بورڈ نے بھی عدلیہ کے احکام پر قیمتی اراضی کو واگزار کرانے کے لیے بڑے آپریشن کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے واٹر بورڈ کے ڈائریکٹر لینڈ انفورسمنٹ اور چیف سیکیورٹی آفیسر تابش رضا کو فوکل پرسن بنایا گیا ہے۔