کے پی کے میں شوہر پر تشدد کا جھوٹا الزام لگانے والی بیوی پر 50 ہزار جرمانہ ہوگا

ویب ڈیسک  منگل 13 نومبر 2018
 ناچاقی کی صورت میں شوہر کو بیوی کی سلامتی کی ضمانت دینا ہوگی، مجوزہ بل :فوٹو:فائل

ناچاقی کی صورت میں شوہر کو بیوی کی سلامتی کی ضمانت دینا ہوگی، مجوزہ بل :فوٹو:فائل

پشاور: خیبرپختونخوا میں گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے قانون تیار کرلیا گیا جس کے تحت بیوی پر تشدد کرنے والے شوہر کو 30 ہزار روپے جرمانہ اور تین ماہ قید ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا میں گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے قانون تیار کرلیا گیا ہے جس کے تحت گھریلو تشدد کی صورت میں شوہر کو 30 ہزار روپے جرمانہ اور تین ماہ قید کی سزا ہوگی جب کہ بیوی کی جانب سے شوہر پر جھوٹا الزام لگانے کی صورت میں بیوی پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ شوہر بیوی کو کام کرنے کی جگہ، دفتر یا کسی بھی جگہ ڈرانے دھمکانے پر سزا کا مرتکب ہوگا اور بیوی کو سوشل میڈیا، انٹرنیٹ، موبائل فون یا ان کے رشتہ داروں کو دھمکانے پر بھی سزا ملے گی۔ ناچاقی کی صورت میں شوہر کو بیوی کی سلامتی کی ضمانت دینا ہوگی اور اس کے ساتھ ساتھ شوہر بیوی اور بچوں کو نان نفقہ اور دیگر اخراجات دینے کا بھی پابند ہوگا، ناچاقی کی صورت میں تمام عائلی قوانین لاگو ہوں گے۔

بل کے تحت گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے اضلاع کی سطح پرڈی سی کی سربراہی میں کمیٹیاں بنائی جائیں گی، کمیٹی میں ضلعی ہیلتھ آفیسر، سوشل ویلفیئر آفیسر، پبلک پراسیکیوٹر اور پولیس کے ممبران شامل ہوں گے، کمیٹی متاثرہ خاتون کو طبی امداد، تحفظ اور قانونی معاونت فراہم کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔