فتح کے بعد بھارتی ٹیم پر نوٹوں کی بارش بھی شروع

بورڈ کا ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان،2ملین ڈالرکا انعام بھی ملا


AFP/Sports Desk June 25, 2013
برمنگھم: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فتح کے بعد بھارتی ٹیم کا ایجبسٹن کرکٹ گرائونڈ میں جشن، خوشی سے بے قابو بیٹسمین ویرت کوہلی گینگ نام ڈانس کررہے ہیں، بلو شرٹس نے انگلینڈ کو فیصلہ کن معرکے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے زیر کیا۔ فوٹو : اے ایف پی

چیمپئنز ٹرافی میں فتح کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم پر نوٹوں کی بارش کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا، کرکٹ بورڈ نے ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

سپورٹنگ اسٹاف کے حصے میں30,30لاکھ روپے آئیں گے۔ بلو شرٹس نے اتوار کو ایجبسٹن میں انگلینڈ کیخلاف فائنل5 رنز سے جیت کر دوسری مرتبہ یہ ٹرافی اپنے نام کی، اسے آئی سی سی کی جانب سے 2 ملین ڈالر کے انعام سے بھی نوازا گیا۔کپتان مہندرا سنگھ دھونی ایونٹ میں اپنی نوجوان سائیڈ کی کارکردگی پر نازاں ہیں،24 سالہ رویندرا جڈیجا کی بولنگ کو سراہتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آل رائونڈر نے بیٹنگ میں عمدہ کھیل پیش کیا جبکہ اس کی نپی تلی بولنگ نے انگلش ٹیم کو مشکل سے دوچار کر دیا، انھوں نے کہا کہ جدید کرکٹ میں اب6 بیٹسمینوں اور5 بولرز کے ساتھ نہیں کھیلا جا سکتا۔



ساتویں پوزیشن انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور جڈیجا نے فرائض عمدگی سے نبھائے۔ ناقابل شکست 33 رنز بنانے کے بعد 2وکٹیں لینے والے مین آف دی میچ جڈیجا فتح پر خوشی سے سرشار نظر آئے، انھوں نے کہا کہ ایجبسٹن کی سلو وکٹ پر اسٹرائیک کو مسلسل تبدیل کرتے رہنا مشکل تھا مگر ہم اس میں کامیاب رہے، ویرت کوہلی اور میں نے اچھی شراکت بنائی جس سے ٹیم کو مناسب اسکور تک پہنچنے میں مدد ملی، انھوں نے کہا میں بولنگ سے بھی لطف اندوز ہوا،اوپنر شیکھر دھون کی تعریف کرتے ہوئے دھونی نے کہاکہ اس نے ٹیسٹ سے حاصل شدہ اعتماد کو آگے بڑھایا، وہ کھیل سے محبت کرنے والا انسان ہے، اس نے وہی بڑے اسٹروکس کھیلے جوکھیلتا ہے۔ادھر وریندر سہواگ کی جگہ سنبھالنے والے دھون نے کہاکہ قسمت میرا ساتھ دے رہی ہے، اس ٹورنامنٹ سے قبل میں نے خواب دیکھا تھا کہ مین آف دی ٹورنامنٹ ہوں گا، میں خوش نصیب ہوں کہ خواب سچ ثابت کر دکھایا، یاد رہے کہ دھون نے2سنچریوں کی مدد سے 363رنز بنا کر ایونٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں