نڈال کو گرینڈ سلم کے اولین راؤنڈ میں پہلی شکست

اسٹیو ڈارسز کی حیران کن جیت،ویمنز میں سارا ایرانی کو مونیکا پوئگ نے ٹھکانے لگا دیا،فیڈرر


AFP/Sports Desk June 25, 2013
ومبلڈن ٹینس:رافیل نڈال بیلجیئن حریف اسٹیو ڈار سز کیخلاف ایکشن میں،وہ یہ مقابلہ ہار گئے ۔ فوٹو : اے ایف پی

LONDON: اسپینش اسٹار رافیل نڈال ومبلڈن میں پہلے راؤنڈ کے مہمان بن گئے، انھیں کیریئر کے35 ویں گرینڈ سلم ایونٹ میں پہلی مرتبہ اولین مرحلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بیلجیئم کے اسٹیو ڈارسز نے 7-6(7/4)،7-6(10/8) اور 6-4 سے حیران کن فتح حاصل کی، دفاعی چیمپئن راجرفیڈرر اور اینڈی مرے اپنے ابتدائی میچز جیتنے میں سرخرو ہوگئے، جوئے ولفریڈ سونگا، میخائل یوزنی ، مارن کلک، وکٹر ٹروسکی اور لوکاس کوبوٹ نے بھی دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی، ویمنز میں5 سیڈ اطالوی پلیئر سارا ایرانی کو آغاز پر ہی پیراگوئے کی مونیکا پوئگ نے ٹھکانے لگا دیا،کیرولین ووزینسکی، ماریا شراپووا، سورانا کرسٹیا ، اینا ایوانووک اور جیلینا جینکووچ نے پہلا پڑاؤ پار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اسپینش اسٹار رافیل نڈال کو عالمی درجہ بندی میں 135 ویں نمبر پر فائز بیلجیئم کے اسٹیو ڈارسز نے حیران کن طور پر 7-6 (7/4)، 7-6(10/8) اور 6-4 سے ٹھکانے لگا دیا، ان سے قبل برازیل کے گسٹافو کیورٹن وہ آخری چیمپئن تھے۔

جنھیں ومبلڈن میں1997 کے پہلے راؤنڈ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، راجرفیڈرر نے آٹھویں ٹائٹل فتح کیلیے شاندار آغاز کرتے ہوئے ابتدائی حریف وکٹر ہینسکو کیخلاف کامیابی حاصل کرلی،تھرڈ سیڈ سوئس اسٹار کی فتح کا اسکور 6-3،6-2 اور 6-0 رہا، انھیں یہ فتح پانے میں69 منٹ صرف کرنا پڑے، فیڈرر نے10 برس قبل 2003 میں پہلی مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی تھی، وہ اب تک7 مرتبہ یہاں چیمپئن بن چکے ہیں، لگاتار 55واں گرینڈ سلم کھیلنے والے فیڈرر نے کہاکہ میرے لیے سینٹر کورٹ میں دوبارہ آکر کھیلنا بہت خاص ہے، میں یہاں پر پہلا مرحلہ عبور کرنے پر بھی بہت خوش ہوں، دوسرے راؤنڈ میں ان کا سامنا یوکرین کے سرگئی اسٹیک ہوسکی سے ہوگا،جنھوں نے برازیل کے روجیریو دوٹرا سیلوا کو 6-4،6-0 اور 6-4 سے زیر کیا،برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے جرمن پلیئر بینجمن بیکر کو 6-4،6-3 اور6-2 سے مات دی۔



جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول کی ہمت اس مرتبہ پہلے راؤنڈ میں جواب دے گئی، انھیں جرمن پلیئر جولین رائسٹر نے سخت مقابلے کے بعد 6-3،4-6،7-6(7/5)، 6-7 (4/7) اور 6-4 سے مات دی، 6سیڈ فرانس کے جوئے ولفریڈ سونگا نے بیلجیئم کے حریف ڈیوڈ گوفن کو 7-6(7/4)،6-4 اور 6-3 سے قابو کیا، میخائل یوزنی نے ڈچ پلیئر روبن ہیس کو 6-4،7-5 اور 7-5 سے شکست دے دی، کروشیاکے مارن کلک نے قبرصی پلیئر مارکوس بغدیتس کو 6-3،6-4ا ور 6-4 سے زیر کیا، سربیا کے وکٹر ٹروسکی نے ہموطن 14 سیڈ جانکو تیپسرووچ کا قصہ 6-3،6-4،3-6 اور 7-6(7/5) سے تمام کردیا، پولش کھلاڑی لوکاس کوبوٹ نے روس کے اگور آندریف کو 6-1،7-5 اور 6-2 سے مات دے دی۔ویمنز سنگلز میں تھرڈ سیڈ ماریا شراپووا نے پہلی آزمائش میں فرنچ حریف کرسٹینا میلڈونوک کو 7-6(7/5) اور 6-3 سے ہرایا، سیکنڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا نے پرتگالی پلیئر ماریا جوآؤ کوئلر کو 6-1،6-2 سے قابو کرلیا۔

5 سیڈ اطالوی پلیئر سارا ایرانی کو پیورٹو ریکو کی جوان سال کھلاڑی مونیکا پوئگ نے 6-3،6-2 سے ہرا دیا، سارا فرنچ اوپن کے سیمی فائنلسٹ رہیں تاہم انھیں گروئن انجری کا بھی سامنا تھا، جس کی وجہ سے وہ گذشتہ ہفتے ایسٹبورن اوپن میں شریک نہیں ہوپائی تھیں، بطور پروفیشنل پہلی مرتبہ گراس کورٹ ٹورنامنٹ کھیلنے والی 19 سالہ مونیکا اب دوسرے راؤنڈ میں اسپین کی سلویا سولر ایسپونسا کا سامنا کریں گی، جنھوں نے جاپانی حریف میساکی ڈوئی کو 1-6،6-4 اور6-1 سے مات دی، سربیا کی اینا ایوانووک نے فرنچ حریف ورجینیا روزانو پر 7-6 (7/1) اور 6-0 جبکہ ہموطن جیلینا جینکووچ نے جرمن پلیئر جوہانا کونٹا پر 6-2،7-5سے غلبہ پالیا،سورانا کرسٹیا نے اسٹیفنی ووئجل کو 7-5،7-6(7/3) سے ہرایا، کیرولین ووزینسکی نے اسپینش حریف ایسٹریلا سیبازا سینڈیلا کو 6-0،6-2 سے زیر کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں