ہیڈ کوچ کیساتھ اختلافات کی خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، اسٹوکس

دونوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی موجود ہے البتہ آئندہ کچھ مختلف انداز میں مل کر کام کرنا ہوگا، اسٹوکس


اسپورٹس ڈیسک April 14, 2026

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کپتان بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔

انگلیند کرکٹ کی جانب سے اسٹوکس کے ساتھ انٹرویو کا تقریباً تین منٹ کا کلپ جاری کیا ہے جس کی مکمل گفتگو بدھ کو شایع کی جائے گی۔

انٹرویو کے دوران بین اسٹوکس نے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیے جانے کا تاثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی موجود ہے، البتہ آئندہ انہیں کچھ مختلف انداز میں مل کر کام کرنا ہوگا۔

ایشز سیریز میں 1-4 کی شکست کے دوران اسٹوکس اور میک کولم کے بیانات میں کچھ فرق ضرور دیکھا گیا تھا۔

اسٹوکس نے کھلاڑیوں کو صبر اور محتاط حکمت عملی اپنانے کا مشورہ دیا، جبکہ میک کولم کا خیال تھا کہ ٹیم اپنی جارحانہ اندازِ کھیل سے ہٹ گئی ہے جو پہلے کامیابی کی وجہ بنا تھا۔

سیریز کے بعد انگلینڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ روب کی نے بھی واضح کیا تھا کہ دونوں کے درمیان کسی قسم کا تنازع نہیں ہوا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے جائزے کے بعد تینوں عہدیداران اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے۔

اسٹوکس نے کہا کہ وہ اور میک کولم 95 فیصد معاملات پر متفق ہوتے ہیں جبکہ باقی اختلافات کو باہمی گفتگو سے حل کر لیا جاتا ہے۔

ان کے مطابق ہر معاملے پر مکمل اتفاق ممکن نہیں، تاہم ٹیم کی بہتری اور کامیابی دونوں کا مشترکہ مقصد ہے۔