آل کراچی تاجر اتحاد نے بھتہ شکایتی سیل قائم کردیا

تاجر سیکیورٹی اداروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی جان و مال کی خود فکر کریں


Business Reporter June 28, 2013
تاجر برادری کو اب خوف و دہشت کے ماحول سے باہر نکلنا ہوگا،عتیق میر فوٹو: فائل

کراچی کے تمام تجارتی مراکز اور شاپنگ سینٹرزکے چھوٹے تاجروں کی سہولت کیلیے آل کراچی تاجر اتحاد نے 8 رکنی کمیٹی پرمشتمل بھتہ شکایتی سیل قائم کردیا ہے اور انسداد بھتہ مہم کے مطلوبہ نتا ئج کے حصول کے لیے بھتے سے متاثرہ مارکیٹوں میں چھوٹے تاجروں کی آگاہی و رابطے کے لیے بینرز آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ آل کراچی تاجراتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی صدارت میں اولڈ سٹی ایریا کے تجارتی مراکزکے نمائندوں پر مشتمل اجلاس میں کیا گیا، انسداد بھتہ کمیٹی کے قیام کا مقصد قانونی اداروں اور مختلف سیاسی تنظیموںکی مدد سے بھتہ وصولی کی روک تھام کی کوشش کرنا ، تاجروں کو فون، پرچیوں اور گولیوں سے دھمکانے والے عناصر کے خلاف موثر کارروائی ، ذمے داری ادا نہ کرنے والے متعلقہ قانونی اداروں کے خلاف احتجاج کرنا اور لاقانونیت سے متا ثرہ تاجروں کی مدد، حوصلہ افزائی اور رہنمائی جیسے اقدامات شامل ہیں۔

اجلاس میں اتفاقِ رائے سے صرافہ بازار کے تاجر رہنما شاکر فینسی کو بھتہ شکایتی سیل کا چیئرمین مقرر کردیا گیا جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں اولڈ سٹی ایریا مارکیٹس کمیٹی کے سربراہ شیخ محمد عالم، احمد شمسی، حنیف ستار، بلال شیخ، عارف قادری، زمرئی خان اور عمران پاروانی شامل ہیں، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ بھتہ خور عناصر رقوم وصولی کیلیے جن تنظیموں کا نام استعمال کرینگے ان سے باقاعدہ رابطہ کرکے وابستگی کی تصدیق کی جائیگی تاکہ فرضی ناموں سے پرچیاں بھجوانے اور فون پر دھمکانے والے عناصر کو خوف و دہشت پھیلانے سے روکا جاسکے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عتیق میر نے کہا کہ جن شہریوں اور تاجروں کی جان و مال اب تک محفوظ ہے اس میں قانونی اداروں کا نہیں بچ جانے والوں کی خوش قسمتی کا دخل ہے، بھتہ خوروں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلیے تاجروں کو خوفزدہ کرنے کا فن سیکھ لیا ہے۔



انھوں نے کہا کہ تاجر برادری کو اب خوف و دہشت کے ماحول سے باہر نکلنا ہوگا، موت اور مصیبت بزدلوں اور خوفزدہ افراد کی تلاش میں رہتی ہیں، تاجر برادری سیکیورٹی اداروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی جان و مال کی خود فکر کرے ،انھوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سال حکومت کے بغیر گذارے ہیں آئندہ پانچ سال بھی اسی طرح گذارلیں گے ، انھوں نے واضح کیا کہ کراچی کے تاجروں کے سامنے صرف دو راستے ہیں حالات سے مایوس ہوکر شہر چھوڑ دیں یا جنگل کی زندگی گذارنا سیکھ لیں۔

انھوں نے اس بات کو امید افزاء قرار دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں آل کراچی تاجر اتحاد کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں متحدہ قومی مومنٹ اور کراچی سٹی الائنس کے ذمے داروں نے اپنی تنظیموں کا نام استعمال کرنے والے بھتہ خور عناصر کے خلاف بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، انھوں نے ظلم و ذیادتی کا شکار تاجروں کی ہمت افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلاجھجھک بھتہ سمیت دیگر جرائم کے خلاف اپنی شکایات کیلیے انسدادبھتہ سیل کے سربراہ شاکر فینسی سے موبائل نمبر0321-3429162 جبکہ احمد شمسی سے موبائل نمبر 0321-2017003پر رابطہ کرسکتے ہیں۔