چینی قونصل خانے پر حملے میں نجی سیکیورٹی گارڈز نے ملازمین سمیت 15 شہریوں کو بچایا

سیکیورٹی گارڈز اور لیڈی سرچرنے ویزاسیکشن میں موجود شہریوں اور ملازمین کی جان بچانے میں اہم کردار اداکیا۔


Staff Reporter November 24, 2018
سیکیورٹی گارڈز اور لیڈی سرچرنے ویزاسیکشن میں موجود شہریوں اور ملازمین کی جان بچانے میں اہم کردار اداکیا۔ فوٹو: فائل

چین کے قونصل خانے کے ویزاسیکشن کی سیکیورٹی پر تعینات خاتون اور مرد سیکیورٹی گارڈز نے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے 6 ملازموں سمیت 15شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

نجی سیکیورٹی کمپنی سیکیورٹی اینڈ منیجمنٹ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈکے گارڈ شوکت علی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ صبح 9 بج کر 10 منٹ پر قونصل خانے کے باہر فائرنگ کی آوازیں سنیں تو انھوں نے گیٹ کھول کر دیکھا توسیکیورٹی بیریئر کے قریب3 دہشت گرد فائرنگ کر رہے ہیں اور سیکیورٹی فورسز ان کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں، ویزا کے حصول کے لیے6سے7لوگ باہر بیٹھے ہوئے تھے اورکچھ لوگ ویزا سکیشن کے اندرموجود تھے باہر خاتون گارڈ بھی ان کے ہمراہ موجود تھی جس نے ویزا کے خواہشمند شہریوں اور چینی باشندوں کو بھی کمروں میں بند کرکے باہر سے تالا لگا دیا جب کہ ویزا سیکشن میں 6 ملازمین اور 3 سیکیورٹی گارڈز سمیت18افراد موجود تھے۔

3 گھنٹے تک محصوررہنے والے شہری ریحان احمد نے بتایاکہ وہ ویزا کے حصول کے لیے ویزا سیکشن آئے تھے حملے کے بعد سیکیورٹی گارڈ نے آکر بتایا کہ باہر دہشت گرد آگئے ہیں اور گارڈ نے فوری طور پر ویزا سیکشن کا گیٹ اندرسے بند کرلیا اور 5 منٹ کے بعد دہشت گرد گیٹ پر پہنچ گیا اور کریکر سے حملہ کیا اور فائرنگ کی۔ انھوں نے ایک لکڑی کی الماری کو دیوار کے ساتھ کھڑا کردیا گیا جس میں سے گولیاں گزرکرآرہی تھیں ہم سب ایک واش روم میں 3 گھنٹے تک بیٹھے رہے۔ اللہ کی مہربانی سے انھیں دوسری زندگی ملی ہے ، دہشت گرد وحشیانہ انداز میں فائرنگ کررہے تھے۔

ایکسپریس ڈیسک کے مطابق چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے میں جہاں پولیس اور رینجرز نے نمایاں کام انجام دیا وہیں نجی سیکیورٹی کمپنی سیکیورٹی اینڈ منیجمنٹ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے سیکیورٹی گارڈز شوکت ، کامران اور لیڈی سرچر روبی رزاق نے ویزاسیکشن میں موجود شہریوں اور ملازمین کی جان بچانے میں اہم کردار اداکیا۔