اسٹاک مارکیٹ کی مایوس کن کارکردگی 9 پوائنٹس گرگئے

انڈیکس 21005 پر بند، 332 کمپنیوں میں سے152 کی قیمتیں بڑھ گئیں، 148 کے دام نیچے


Business Reporter June 29, 2013
مارکیٹ سرمائے میں 18.8 ارب کا اضافہ، کاروباری حجم 3 فیصد زائد، 15 کروڑ حصص کے سودے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی کاروباری صورتحال مایوس کن رہی اور اتارچڑھاؤ کے باعث ملے جلے کیفیت سے دوچار رہی تاہم آل شیئرزاور کے ایم آئی 30 انڈیکس میں اضافے سے 45.78 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی18 ارب81 کروڑ94 لاکھ 36 ہزار680 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

قرضوں کے لیے آئی ایم ایف کی سخت شرائط، معیشت کی ناگفتہ بہ صورتحال اوربجٹ پر تحفظات کی وجہ سے مارکیٹ میں غیریقینی رحجان برقرار رہا جسکی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں محدود اورسست رفتار رہیں، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر157.09 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 21100 کی حد بحال ہوگئی تھی جبکہ ایک موقع پر161 پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی21000 کی نفسیاتی حد بھی گرگئی تھی تاہم بعض شعبوں کی جانب سے محدود پیمانے پر خریداری سرگرمیوں نے مندی کی شدت کو کم کیا۔

ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 48 لاکھ 6 ہزار666 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ غیرملکیوں کی جانب سے 33 لاکھ 8 ہزار 58 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے10 لاکھ 95 ہزار 84 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے4 لاکھ 3 ہزار 524 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔



ملے جلے رحجان کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس9.65 پوائنٹس کی کمی سے21005.69 اور کے ایس ای30 انڈیکس 17.94 پوائنٹس کی کمی سے16207.96 ہوگیا جبکہ اسکے برعکس کے ایم آئی30 انڈیکس120.84 پوائنٹس کے اضافے سے 36713.89 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 3.26 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر15 کروڑ15 لاکھ34 ہزار870 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار332 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں152 کے بھاؤ میں اضافہ، 148 کے داموں میں کمی اور32 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھاؤ 249 روپے بڑھ کر 6499 روپے اور یونی لیور فوڈز کے بھاؤ120 روپے بڑھ کر 4890 روپے ہوگئے جبکہ ڈریم ورلڈ کے بھاؤ 11.65 روپے کم ہوکر221.60 روپے اور فلپس مورس کے بھاؤ6 روپے کم ہوکر220 روپے ہوگئے۔