عمران خان کی حکومت ختم کرنے کیلیے کبھی آگے نہیں آئیں گے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  پير 26 نومبر 2018
ہم چاہتے ہیں یہ پارلیمنٹ چلے کیوں کہ پارلیمنٹ ہی پاکستان کو چلا سکتی ہے، خورشید شاہ۔ فوٹو:فائل

ہم چاہتے ہیں یہ پارلیمنٹ چلے کیوں کہ پارلیمنٹ ہی پاکستان کو چلا سکتی ہے، خورشید شاہ۔ فوٹو:فائل

سکھر: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں یہ پارلیمنٹ چلے اور پارلیمنٹ ہی پاکستان کو چلا سکتی ہے اس لئے ہم عمران خان کی حکومت ختم کرنے کے لیے کبھی آگے نہیں آئیں گے۔

سکھر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تو صرف 4 سیٹوں پر احتجاج کیا تھا لیکن موجودہ الیکشن تو پورے کے پورے مشکوک ہیں، عام انتخابات کے بعد ہم نے کہا تھا کے موجودہ  وزیراعظم سلیکٹیڈ ہیں، لیکن ہم جمہوریت کے لیے قومی اسمبلی میں گئے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سیلیکٹڈ حکومت کی 100 روزہ کارکردگی صفر رہی، سو دنوں میں صرف لڑائی جھگڑا ہی رہا، کوئی قابل ذکر بات نظر نہیں آئی، یہ پارلیمنٹ ابھی تک اسٹینڈنگ کمیٹی نہیں بنا سکی، 50 لاکھ گھر کس کے لئے ہوں گے کچھ پتا نہیں،  جو کہتا ہے کارکردگی بہترین رہی ہے سامنے آکر بتائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اقتدار کے لیے سیاست نہیں کرتی، ہم نے ہمیشہ جمہوریت کی بات کی اور جمہوریت کے لئے ہر حکومت کے ساتھ تعاون کیا، آئین اور قانون پارلیمنٹ بناتی ہے، ہم چاہتے ہیں یہ پارلیمنٹ چلے کیوں کہ پارلیمنٹ ہی پاکستان کو چلا سکتی ہے اس لئے ہم عمران خان کی حکومت کو ختم کرنے کے لیے کبھی آگے نہیں آئیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔