کریکر حملے میں ملوث ملزم کاپولیس افسرکے قتل کا اعتراف

کورنگی صنعتی ایریا میں بھتہ نہ دینے پر ویڈیو و اسنوکرشاپ پرکریکر حملہ کیا تھا


Staff Reporter June 29, 2013
گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ ملزم نے2012 میں میمن گوٹھ تھانے کے اے ایس آئی محمد رفیق کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا. فوٹو: فائل

KARACHI: کورنگی صنعتی ایریا میں کریکر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم نے دوران تفتیش ایک پولیس افسر کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

جبکہ گرفتار ملزم پولیس مقابلے کے مقدمے میں بھی کھارادر پولیس کو مطلوب تھا، تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے میں دکان پر کریکر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم وہاب ولد تاج محمد بلوچ نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ لیاری کارہائشی ہے اور اس کا تعلق کالعدم تنظیم لیاری امن کمیٹی سے ہے، پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ ملزم نے2012 میں میمن گوٹھ تھانے کے اے ایس آئی محمد رفیق کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا جبکہ ملزم پولیس مقابلے کے مقدمے میں کھارادر پولیس کو بھی مطلوب ہے۔



انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے بھتہ نہ ملنے پرکورنگی صنعتی ایریا میں ویڈیو و اسنوکر شاپ پر کریکر حملہ کیا تھا، پولیس نے کریکر حملے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ، ایکسپلوزو ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت گرفتار ملزم اور اس کے 3 نامعلوم ساتھیوں کے خلاف درج کرلیا ہے جبکہ ملزم کے قبضے سے ملنے والے ٹی ٹی پستول کا علیحدہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کو کورنگی صنعتی ایریا سیکٹر 8-F میں واقع گلزار کالونی میں ویڈیو شاپ پر کریکر حملہ کر کے فرار ہو گیا تھا جس کے نتیجے ایک درجن کے قریب افراد زخمی ہو گئے تھے جبکہ ملزم کوعلاقہ مکینوں نے پکڑکر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا تھا ، گرفتار ملزم سے سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل کے ایس ایس پی چوہدری محمد اسلم خان نے بھی تھانے جا کر تفتیش کی اس دوران بھی ملزم نے اہم انکشافات کیے جسے صیغہ راز میں رکھا جا رہا ہے ۔

مقبول خبریں