کرتارپورتقریب؛ پاک فوج نے آرمی چیف کی ملاقاتوں سے متعلق بھارتی پروپیگینڈا مسترد کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 28 نومبر 2018
گوپال چاولہ سنگھ نے تقریب میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ہاتھ ملایا تھا۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

گوپال چاولہ سنگھ نے تقریب میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ہاتھ ملایا تھا۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گوپال چاولہ کی ملاقات کوغلط رنگ دے رہا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بھارت سے آئے سکھ یاتریوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر پاکستان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وزیراعظم نے کرتار پور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

بھارتی سکھ یاتریوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے ہاتھ ملائے اور شکریہ ادا کیا تاہم دوسری جانب بھارتی میڈیا تاریخی تقریب کی تعریف کے بجائے روایتی تعصب اورہٹ دھرمی میں مگن رہا، خصوصاً آرمی چیف اورخالصتان تحریک کے کارکن گوپال چاولہ سنگھ کے مصافحہ میں بھارتی میڈیا کی دلچسپی رہی اور اس مصافحہ کو بھی منفی رنگ دے دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی ہٹ دھرمی پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا گوپال چاولہ کی آرمی چیف سے ملاقات کوغلط رنگ دے رہا ہے، آرمی چیف نے شناخت کی پرواہ کئے بغیر سب مہمانوں سے ملاقات کی، امن کی کوشش کو پروپیگینڈا نہ بنایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔