فواد خان کی 37 ویں سالگرہ پر وہ 5 حقائق جو بہت کم لوگ جانتے ہیں

ویب ڈیسک  جمعرات 29 نومبر 2018
فواد خان کی سالگرہ پر ان کے چاہنے والوں کی جانب سے مبارکبا دینے کاسلسلہ جاری ہے فوٹوفائل

فواد خان کی سالگرہ پر ان کے چاہنے والوں کی جانب سے مبارکبا دینے کاسلسلہ جاری ہے فوٹوفائل

کراچی: کروڑوں دلوں پر حکمرانی کرنےوالے پاکستانی اداکار فواد خان آج اپنی 37 ویں سالگرہ منارہے ہیں اس موقع پر ان کے پرستار انہیں سوشل میڈیا پرڈھیروں مبارکباد دے رہے ہیں۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار فواد خان کے چاہنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں جوان کے بارے میں ہر چھوٹی سے چھوٹی بات جاننے کے لیے بےتاب رہتے ہیں۔ فواد خان نے اپنے کیرئیر کا آغاز بطور گلوکار کیا تھا اور پھر انہوں نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔

2007 میں انہوں نے ہدایت کار شعیب منصور کی فلم’خداکے لیے‘میں اہم کردار نبھایا۔ فواد خان کا شمار آج پاک بھارت کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے لوگ ان کے بارے میں بہت کچھ جاننے کا دعویٰ کرتے ہیں، تاہم ہمیں یقین ہے کہ بہت ہی کم لوگ  فواد خان کے متعلق ان 5 حقائق سے واقف ہوں گے۔

پسندیدہ کھانا:

جاذب نظر شخصیت اورمیٹھے لب ولہجے والے اداکار فواد خان کو کھانے میں ’کریلے‘ پسند ہیں۔ فواد خان شوگر جیسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہیں، انہیں 17 سال کی عمر میں یہ بیماری تشخیص ہوئی تھی لہٰذا جب سے فواد خان اپنے کھانے پینے کا بے حد خیال رکھتے ہیں اور گوشت کے بجائے زیادہ تر سبزیاں کھانے کو ترجیح دہتے ہیں۔ وہ کریلے بہت شوق سے کھاتے ہیں۔

جذباتی:

اسکرین پر اپنی شاندار اداکاری سے لوگوں کو رلانے والے فواد خان حقیقی زندگی میں بھی بہت جذباتی ہیں اور بات بات پر ان کی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا اگر وہ کسی کو کوئی ایسی بات کہنا چاہیں جس سے اس شخص کو درد پہنچے تو وہ پہلے 100 بار سوچیں گے۔ اس کےعلاوہ وہ دوسروں کی شخصیت کے بارے میں کم اندازے لگاتے ہیں اور اپنی رائے دینے میں کنجوسی سےکام لیتے ہیں۔

نفاست پسندی:

فواد خان اپنی ظاہری شخصیت کا بے حد خیال رکھتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ گھر میں بھی مناسب، استری کیا ہوا  لباس زیب تن کریں اور صاف جوتے پہنیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صاف جوتے مردوں کی وجیہہ شخصیت کے لیے بےحد ضروری ہیں۔

چہرے پر شیو:

فواد خان کو چہرے پر بڑھی ہوئی  شیو رکھنا پسند ہے لیکن ان کے بیٹے اور اہلیہ کا خیال ان سے الگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ  شیو کو بڑھاتے ہیں تو ان کے چہرے کے اتار چڑھاؤ واضح نہیں ہوتے اسی لئے صدف شیو بڑھانے سے منع کرتی ہے۔

شادی:

یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ فواد خان 16 برس کی عمر میں اپنی اہلیہ صدف کی محبت میں گرفتار ہوئے تھے اور انہوں نے اسی وقت صدف کو اپنی بیوی بنانے کا فیصلہ کرلیا تھا اور 2005 میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

فواد خان کی سالگرہ کے موقعے پر ان کے چاہنے والے ٹوئٹر پر انہیں مبارکباد دے کر ان سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں۔

https://twitter.com/xmayasthoughtsx/status/1068079855420522496

https://twitter.com/TIMCtweeting/status/1068074588159033344

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔