اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے ملا جلا رجحان

سونا 1295 سے گھٹ کر 1236 ڈالر فی اونس ہوگیا، چاندی، پلاٹینم وپلاڈیم بھی سستی


AFP June 30, 2013
خام تیل، لیڈ، ٹین وجست مہنگی، تانبے، ایلومینیم، کلئی کے دام کم، چینی کے بڑھ گئے۔ فوٹو: فائل

اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے ملا جلا رجحان رہا تاہم سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی۔

یاد رہے کہ امریکی بینکاری ریگولیٹر نے چند روز قبل معاشی بحالی پیکیج کے 2014 کے وسط تک خاتمے کا امکان ظاہر کیا تھا، اس کے بعد سے مارکیٹس میں ہلچل مچی ہوئی ہے، گزشتہ ہفتے سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی، جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1236 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی جو ہفتے کے آغاز پر1295.25 ڈالر فی اونس تھی، ایک ہفتے میں چاندی کی قیمت 19.87 ڈالر سے گھٹ کر 18.86 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

لندن پلاٹینم وپلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1395 ڈالر سے گھٹ کر 1317 ڈالر اور پلاڈیم کی 672 ڈالر سے گھٹ کر 643 ڈالر فی اونس ہوگئی، لندن کی انٹرکانٹینینل ایکسچینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی اگست کے لیے قیمت 100.19 ڈالر سے بڑھ کر 102.88 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں لائٹ سوئٹ کی قیمت 93.24 ڈالر سے بڑھ کر 97.03 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔



بنیادی یا صنعتی دھاتوں میں سے تانبے کی قیمت 6810 ڈالر سے گھٹ کر 6764.50 ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی 1795 سے کم ہو کر 1777 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی قیمت 2026 ڈالر سے بڑھ کر 2060 ڈالر فی ٹن، ٹین کی 19605 ڈالر سے بڑھ کر 19775 ڈالر فی ٹن، کلئی کی 13835 ڈالر سے گھٹ کر 13749 ڈالر فی ٹن اور جست کی 1849 ڈالر سے بڑھ کر 1856 ڈالر فی ٹن ہوگئی، گزشتہ ہفتے خام چینی کی اکتوبر میں فراہمی کے لیے قیمت 16.77 ڈالر سے بڑھ کر 16.99 سینٹ فی پاؤنڈ ہوگئی جبکہ سفید چینی کی قیمت 474.10 ڈالر سے بڑھ کر 484.90 ڈالر فی ٹن ہوگئی، اسی طرح ایک ہفتے کے دوران ربرکی قیمتوں میں کمی آئی۔