سدھو کئی مذہبی متبرکات اور تحائف لے کر بھارت پہنچ گئے

آصف محمود  جمعـء 30 نومبر 2018
نوجوت سدھو نے تلے کی بنی ہوئی پشاوری چپلیں بھی لیں جو ان کے والد کو کافی پسند ہیں۔

نوجوت سدھو نے تلے کی بنی ہوئی پشاوری چپلیں بھی لیں جو ان کے والد کو کافی پسند ہیں۔

 لاہور: سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو پاکستان سے اپنے ساتھ کئی سوغاتیں اور متبرکات لیکر بھارت واپس گئے ہیں۔

بھارتی پنجاب کے سینئر وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو جمعرات کے روز جب واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت لوٹے تو اپنے ساتھ پاکستان سے کئی سوغاتیں اور متبرکات بھی لیکر گئے ہیں، نوجوت سنگھ سدھو کرتارپور سے اس مقام کی مٹی ساتھ لیکر گئے ہیں جن کھیتوں میں بابا گورونانک ہل چلایا کرتے تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کرتارپور راہداری سے پاکستان اور بھارت میں امن آئے گا، نوجوت سدھو

نوجوت سنگھ سدھوکے مطابق وہ ابھی یہ نہیں بتائیں گے کہ وہ یہ مٹی کہاں استعمال کریں گے، اس کے علاوہ دربار سے منسلک کھیتوں میں اگائے گئے گنے بھی نوجوت سنگھ سدھو ساتھ لیکرگئے، وہ یہ گنے اپنی اہلیہ کے لیے لیکر گئے ہیں، نوجوت سنگھ سدھو نے دربار میں گورونانک دیوجی سے منسوب قبر اور سمادھی پر ڈالی جانے والی 3 چادریں بھی متبرک سمجھ کر ساتھ لے کرگئے۔

نوجوت سنگھ سدھو نے تلے کی بنی ہوئی پشاوری چپلیں بھی لیں جو ان کے والدکو کافی پسند ہیں، نوجوت سنگھ سدھوپاکستان سے ایک حنوط شدہ تیتر بھی لیکر گئے ہیں، حنوط شدہ تیتر کا یہ تحفہ وہ مشرقی پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن ریٹائرڈ امریندر سنگھ کے لیے لیکر گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔