پی ایس ایل فرنچائزز کو پی سی بی کی ڈیڈ لائن ختم

تاحال صرف2 نے ہی فیس جمع کرائی، دیگر نے حکام سے مزیدوقت مانگ لیا،ذرائع


Saleem Khaliq December 04, 2018
تاحال صرف2 نے ہی فیس جمع کرائی، دیگر نے حکام سے مزیدوقت مانگ لیا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل فرنچائزز کو پی سی بی کی جانب سے دی گئی مہلت ختم ہوگئی، تاحال صرف2 نے ہی فیس جمع کرائی ہے جب کہ دیگر نے مزید وقت مانگ لیا۔

14 نومبر کو انوائس جاری ہونے کے باوجود پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز فیس کی ادائیگی سے گریزاں تھیں،بورڈ نے پیر کی دوپہر2 بجے تک کا وقت دیتے ہوئے ساتھ دھمکی بھی دی تھی کہ اگر رقم نہ جمع کرائی تو بینک گارنٹی کیش کرا لی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے تک صرف 2 ہی فرنچائزز فیس کی ادائیگی میں کامیاب رہیں،ایک نے تو گزشتہ ہفتے ہی رقم جمع کرا دی تھی جبکہ دوسری نے پیر کو ایسا کیا، دونوں ہی نسبتاً کم قیمت پر فروخت ہوئی تھیں، ملتان سلطانز کا معاہدہ ختم ہو چکا اور چھٹی ٹیم کے انتظامات فی الحال پی سی بی نے سنبھالے ہوئے ہیں۔

دیگر تین ٹیموں نے ادائیگی کیلیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ ان میں سے ایک نے بینک گارنٹی بھی جمع نہیں کرائی تھی، البتہ بعد میں ایک ملین ڈالر دے دیے تھے۔

ذرائع کے مطابق بورڈ حکام نے مقررہ تاریخ میں اضافے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، البتہ چند ٹیموں کی جانب سے بینک گارنٹی واپس دے کر فیس دینے کی درخواست منظور کرنے سے گریز کیا گیا،اس سے قبل بغیر ٹیکس کے رقم دینے کا مطالبہ بھی حکام نے مسترد کر دیا تھا۔

دوسری جانب اس حوالے سے استفسار پر پی سی بی ترجمان نے کہا کہ معاملات اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، کس فرنچائز نے فیس ادا کی اور کون وقت مانگ رہا ہے اس حوالے سے منگل کو ہی کوئی تبصرہ کیا جا سکے گا، البتہ پی ایس ایل کو کوئی خطرات لاحق نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ چوتھا ایڈیشن آئندہ سال 14 فروری کو شروع ہوگا۔