میری شادی کراؤ؛ کراچی میں شہری ہائی ٹیشن لائن کے کھمبے پر چڑھ گیا

ویب ڈیسک  بدھ 5 دسمبر 2018

کراچی: شاکر نامی شہری شادی کا مطالبہ پورا کرانے کے لئے کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن کے کھمبے پر چڑھ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں سنگر چورنگی کے قریب  ایک شخص کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن پر چڑھ گیا جس کا مطالبہ تھا کہ میری شادی کراؤ ورنہ اوپر سے کود کر جان دے دوں گا۔

شہری کے پول پر چڑھنے کی اطلاع ملتے ہی کے الیکٹرک نے بجلی کی سپلائی بند کردی اور اس کی حفاظت کے لئے پول کے اطراف ائیر بیگز رکھ دیئے گئے، شہری پول پر چڑھنے کے بعد مسلسل موبائل فون پر کسی سے بات کرتا رہا اور بعد میں اس نے اپنا پرس اور موبائل فون نیچے پھینک دیا۔

پول پر چڑھے شادی کے شوقین کو دیکھنے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوگئی۔ شہری کی بہن کو بھی اسنارکل کی مدد سے اوپر بھیجا گیا لیکن اس نے کسی سے بھی بات کرنے سے انکار کردیا۔ تاہم بعد میں اس کا مطالبہ پورا کرنے کی یقین دہانی پر اسے اسنارکل کی مدد سے نیچے اتار لیا گیا۔

شہری کی شناخت محمد شاکر کے نام سے ہوئی جو گارمنٹس فیکٹری کا ملازم ہے، مبینہ طور پر اس کی موٹرسائیکل سے نشے کا مواد بھی ملا ہے۔

دوسری جانب ہائی ٹینشن لائن پر چڑھنے والے نوجوان شاکر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے. پولیس کے مطابق مقدمہ عوامی کالونی تھانے میں درج کیا گیا جس میں اقدام خودکشی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔