بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ پر شہریوں کے مظاہرے پانی نایاب ہو گیا مظاہرین

شارع فیصل، پاک کالونی، ناظم آباد، پاپوش نگر اور دیگر علاقوں کے مکین سڑکوں پر نکل آئے،مظاہرین نے ٹائر بھی جلائے.


Staff Reporter July 03, 2013
بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف ناظم آباد میں شہریو ں نے ٹائروں کو آگ لگا کرسڑک بلاک کررکھی ہے ۔ فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس

شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں نے سڑکوں پر احتجاج کیا اور متعلقہ حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

شارع فیصل ، پاک کالونی ، ناظم آباد ، پاپوش نگر کے مکین بھی اسٹار گیٹ پر نکل آئے اور مظاہرہ کیا، شہر کے دیگر علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے،مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جارہا ہے جبکہ بجلی نہ ہونے سے علاقے میں پانی بھی نایاب ہوگیا اور وہ دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی نایاب ہونے سے شہری پریشان ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کررہے ہیں، منگل کو بھی شارع فیصل پر شہریوں نے احتجاج کیا ، گرین ٹاؤن ، گولڈن ٹاؤن ، اسٹار گیٹ ، چھوٹا گیٹ اور اطراف کے علاقوں کے مکین اسٹار گیٹ پر جمع ہوئے اور مظاہرہ کیا ، شہریوں نے کہا کہ ان کے علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھتا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ آگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوتی، مظاہرین نے کہا کہ اگر ان کے علاقے میں بجلی چوری کی شکایات ہیں تو کے ای ایس سی حکام کو مخصوص افراد کیخلاف ہی کارروائی کرنی چاہیے، پورے علاقے کی بجلی بند کردینا ناانصافی پر مبنی اقدام ہے۔



مظاہرین نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ان کے علاقے میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، گھروں میں خصوصاً خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، وہ دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں۔

جبکہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے بھی نرخ میں اضافہ کردیا ہے ، مظاہرین نے اس دوران شدید نعرے بازی بھی کی ، اس دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کردیں جس سے ٹریفک معطل ہوگیا ، اطلاع ملتے ہی پولیس و رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور مظاہرین کو فوری طور پر منتشر کردیا ، حکام نے سڑک سے رکاوٹیں بھی ہٹادیں اور ٹریفک کی روانی کو بحال کردیا ، علاوہ ازیں پاک کالونی ، بڑا بورڈ ، ناظم آباد ، پاپوش نگر اور دیگر علاقوں میں بھی مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا ، پاپوش نگر میں مکینوں نے سڑک پر ٹائر بھی نذر آتش کیے اور ٹریفک پر پتھراؤ کیا جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، بعدازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا اور مظاہرین کو منتشر کردیا ۔