’’فرام کارگل ٹو دی کوپ ‘‘چشم کشاحقائق پرمبنی کتاب ہے

تقریب رونمائی سے شیریں رحمن،غازی صلاح الدین ،حمید ہارون ودیگر کاخطاب


Staff Reporter December 12, 2018
ملک کوچیلنجزکاسامنا ہے ،ادارے آئین کے اندررہ کرکام کریں،مصنف نسیم زہرا

اینکر پرسن نسیم زہرا کی پاک بھارت جنگ کے پس منظر میں لکھی گئی کتاب ''فرام کارگل ٹو دی کو''( From Kargil to the coup)کی تقریب رونمائی مقامی ہوٹل میں ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کی رہنما شیریں رحمن ،حمید ہارون، غازی صلاح الدین سمیت دیگر شریک ہوئے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نسیم زہرا نے اپنے زورقلم سے چشم کشا حقائق پر ایک ایسی کتاب مرتب کی ہے جس میں ہر پہلو سے انتہائی باریک بینی اور گہرائی میں جاکر تحقیق کی گئی ہے۔ کارگل کی لڑائی میں کشمیر کا عذر اس وجہ سے بھی قابل قبول نہیں ہے کہ یہ اپنی نوعیت کی ایک انوکھی لڑائی تھی جس سے اس وقت کے اقتدار پر بیٹھے وزیراعظم بھی لاعلم تھے ،مقررین کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ایک مخصوص سوچ کی ہر سطح پرنفی کی جائے، ہمیں اپنے ماضی اور تاریخ سے سبق لینا چاہیے، کتاب کے حقائق دل دہلادینے والے ہیں، کب تک ملکی سانحات کو نظر انداز کرتے رہیں گے۔

غازی صلاح الدین نے کہاکہ کارگل جیسے واقعات وسانحات سے بچنے کے لیے رولنگ آئیڈیاز کو تبدیل کرنا ضروری ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں عدم برداشت کا رویہ پروان اور انتہا پسندوں کا عمل دخل بڑھ رہا ہے، مصنف نسیم زہرا کا کہنا تھاکہ پاکستان کو اندرونی وبیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، کتاب لکھنے کا مقصد یہ تھا کہ اب یہاں اداروں کو بہتر کیا جائے اور گروہ بندی اور ذاتی پسند وناپسندکے بجائے فوج ،عدلیہ ودیگرادارے آئین کے اندر رہ کرکام کریں اور منتخب وزیراعظم کی لیڈرشپ میں ملک کی ترقی کے لیے باہمی کوششیں کی جائیں۔