جرائم پیشہ عناصرکیخلاف ٹارگٹڈآپریشن جاری رکھاجائےوزیراعلیٰ

ڈی جی رینجرز سندھ کی قائم علیشاہ سے ملاقات،مستقبل میں ممکنہ سیکیورٹی خطرات سے آگاہ کیا


Staff Reporter July 04, 2013
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر ملاقات کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے ڈی جی رینجرزسندھ میجرجنرل رضوان اخترنے بدھ کووزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز نے وزیر اعلیٰ سندھ کو مستقبل قر یب میں ممکنہ سیکیورٹی خطرات سے آگاہ کیا ، ڈی جی رینجرز سندھ نے ملاقات میں کہاکہ ممکنہ سیکیورٹی خطرات کراچی کے امن پراثرانداز ہوسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں ڈی جی رینجرزسندھ نے انھیں صوبہ سندھ باالخصوص کراچی میں امن وامان اورجرائم پیشہ عناصرکیخلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔



ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے قانون نافذکرنے والے ادارے ہرممکن اقدامات بروئے کار لائیں اورجرائم پیشہ عناصرکیخلاف سخت ترین ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھاجائے۔دریں اثناوزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے برطانوی ہائی کمشنرایڈم تھامسن نے ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرکراچی میں تعینات برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنربھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے برطانوی ہائی کمشنرکوبتایاکہ سندھ میں تھرکول میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں اورسندھ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کیلیے حوصلہ افزا اقدامات کررہی ہے،سندھ میں سرمایہ کاروں کو مختلف ترغیبات بھی دی جارہی ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ممکن ہو۔ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے حیدرآباد اور لاڑکا نہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی سندھ کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پرپیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صد فر یال تالپوراورقومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف خورشید احمد شاہ بھی موجو د تھے۔