حیدرآباد عید سے قبل سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

منافع خوروں نے ان اشیاء خورد نوش کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے۔


Numainda Express August 22, 2012
ٹماٹر 120روپے کلو فروخت کیا گیا، ضلع انتظامیہ گراں فروشوں کیخلاف کارروائی میں ناکام۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: حیدرآباد میں عید سے ایک روز قبل ہی سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کر دیا گیا جس پر شہریوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ منافع خوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

حیدرآباد میں مارکیٹ، لجپت روڈ، لطیف آباد نمبر سات، یونٹ نمبر 11، یونٹ نمبر 12، فقیر کا پڑ، قاسم آباد، وحدت کالونی اور حسین آباد چوک و دیگر مقامات پر سبزی فروشوں نے سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جس کے مطابق مختلف بازاروں میں پیاز 40 سے 50 روپے کلو، ٹماٹر100 سے120 روپے کلو، ہرا دھینا و پودینے کی گڈیاں 30 سے 50 روپے، چھیلا ہوا لہسن 60 روپے پاو، دیسی لہسن بغیر چھیلا 40 روپے پائو، ادرک 50 روپے پائو فروخت کیا گیا اسی طرح مرچ اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ عید کے موقع پر ہر گھر میں مہمانوں کی تواضع کے لیے بریانی و دیگر لوازمات تیار کیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے پیاز، لہسن ادرک، ٹماٹر، ہری مرچ کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے اس لیے منافع خوروں نے ان اشیاء خورد نوش کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے۔