مصر مرسی کےحامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں مزید 32 افراد ہلاک

معزول صدر کے حق میں نکالی گئی ریلی پر فوج نے فائرنگ کردی جس کے بعد دونوں اعتراف سے ایک دوسرے پر پتھراؤکیا گیا


ویب ڈیسک July 06, 2013
معزول صدر کے حق میں نکالی گئی ریلی پر فوج نے فائرنگ کردی جس کے بعد دونوں اعتراف سے ایک دوسرے پر پتھراؤکیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

مصرمیں مرسی کےحامیوں اورمخالفین میں جھڑپوں کے نتیجے میں مزید 32 فراد ہلاک جب کہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر میں فوجی انقلاب کے باوجو دحالات پر قابو نہیں پایا جاسکا، صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد ملک کی صورت حال تیزی سے خراب ہورہی ہے، معزول صدر کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک 32 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔


ذرائع کے مطابق حالات اس وقت مزید کشیدہ ہوگئے جب معزول صدر کے حق میں نکالی گئی ریلی پر فوج نے فائرنگ کردی جس کے بعد دونوں اطراف سے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ شمالی شہر اسکندریہ میں معزول صدر کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں میں 12 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔ مظاہروں کے بعد تحریر اسکوائر اور ٹی وی اسٹیشنز پر فوج تعینات کردی گئی۔


دوسری جانب عبوری حکومت نے اسلام پسندوں کی اکثریتی منتخب پارلیمان بھی تحلیل کردی جب کہ قاہرہ میں اخوان المسلمون کے اہم رہنما خیرات الشاطیر کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ افریقی ممالک کی تنظیم افریقین یونین نے صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد مصر کی رکنیت معطل کردی ہے۔