لانڈھی میں ذاتی رنجش پر خاتون بھانجے سمیت قتل

مقتولہ دل جان 5 بچوں کی ماں تھی جو بھانجے عمران کے ساتھ فیکٹری کام پر جارہی تھی، ملزم نے راستے میں فائرنگ کردی


Staff Reporter July 07, 2013
جائے وقوع سے گولیوں کے خول ملے ہیں، ملزم سیف الرحمن کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماررہے ہیں، پولیس

ذاتی رنجش اور محبت میں ناکامی پر فائرنگ کرکے ممانی بھانجا کو ہلاک کردیا گیا، ملزم دہرے قتل کی واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی لالہ آباد میں دہرے قتل کی واردات کے دوران فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد ہلاک ہو گئے جن کی لاشیں جناح اسپتال پہنچائی گئیں، جہاں مقتولہ کی شناخت 34 سالہ دل جان زوجہ سفید شیر اور مقتول کی30 سالہ عمران ولد فقیر شیر کے نام سے کر لی گئی، ایس ایچ او سکھن راؤ رفیق کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والا مقتول عمران اور مقتولہ دل جان آپس میں ممانی بھانجا تھے جبکہ ہلاک ہونے والی خاتون 5 بچوں کی ماں تھی اور مقتولہ کا شوہر سیکیورٹی گارڈ اور اس کا آبائی تعلق سوات سے ہے۔



مقتولین لالہ آباد لانڈھی نمبر 2 کے رہائشی اور نجی فیکٹری کے ملازم تھے، مقتولین ہفتے کی صبح گھر سے فیکٹری کام کرنے جا رہے تھے کہ راستے میں ملزم سیف الرحمن عرف سیفل فائرنگ کر کے قتل کردیا اور جائے وقوع سے فرار ہوگیا، پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ محبت میں ناکامی کے پاداش میں پیش آیا ہے، جائے وقوع سے ٹی ٹی پستول کے 5 خالی خول ملے ہیں جنھیں تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے،ملزم سیف الرحمن ولد سیفل کی گرفتاری کے لیے شیر پاؤ کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں تاہم گرفتاری میں کامیابی نہیں مل سکی ہے۔