سینیٹرز کو نیب کے سامنے پیش ہونے سے روک دیا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 19 دسمبر 2018
چیئرمین نیب کو خط لکھا انکے جواب کا انتظارہے، ڈپٹی چیئرمین، فوٹو: فائل

چیئرمین نیب کو خط لکھا انکے جواب کا انتظارہے، ڈپٹی چیئرمین، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے سینیٹرز کو نیب کے سامنے پیش ہونے سے روک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا تو سینیٹر حاصل بزنجو نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ نیب کی جانب سے مجھے نوٹس دیا گیا اورمجھ پر الزمات عائد کئے گئے، مجھ پراراضی ، مارکیٹس، پلاٹس اور پلازے غیر قانونی طریقے سے بنانے کا الزام لگایا گیا جب کہ میری اہلیہ اور خاندان کے دیگر لوگوں کو بھی شامل کیا گیا،  یہ تمام الزمات بے بنیاد ہیں،اس سے میرااستحقاق مجروح ہوا ہے۔

جس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ  چیئرمین نیب کو خط لکھا ہے کہ کسی کو طلب کرنے سے قبل چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا جائے جب تک نیب چیئرمین سینیٹ کے آفس کو آگاہ نہیں کرے گا کوئی سینیٹر  پیش نہیں ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر راجا ظفر الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس ہستی کو آپ نے خط لکھا ہے وہ ایک ریٹائرڈ جج ہے وہ کوئی سرکاری ملازم نہیں جو قوانین کو نہیں سمجھتے، ایوان کی خصوصی کمیٹی بنائی جائے جو اس معاملے کو دیکھے، جس پر  ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ چیئرمین نیب کو لکھے گئے خط کے جواب کا انتظار ہے، کل تک کا انتظار کرلیں اس پر فیصلہ کرلیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔