سرد ہواؤں کی رفتار میں کمی سے شہر کا درجہ حرارت پھر بڑھنے لگا

 آج مطلع خشک ،رات میں ٹھنڈ اور صبح دھند چھانے کی توقع ہے،چیف میٹرولوجسٹ


Staff Reporter December 20, 2018
 آج مطلع خشک ،رات میں ٹھنڈ اور صبح دھند چھانے کی توقع ہے،چیف میٹرولوجسٹ۔ فوٹو: آئی این پی

سرد ہواؤں کی رفتار میں کمی اور سمندرہوائیں بحال ہونے کیو جہ سے دن کے وقت شہر کا درجہ حرارت پھر بڑھنے لگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی رات سے بدھ کی دوپہر تک شہر میں کوئٹہ (بلوچستان) کی شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلیں ،جن کی رفتار معمول سے کم صرف 10ڈگری ریکارڈ ہوئی جب کہ دوپہر کے بعد سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں جس کی وجہ سے دن کے وقت درجہ حرارت گزشتہ چند روز کے مقابلے میں 2ڈگری سینٹی گریڈ اضافے سے 27ڈگری ریکارڈ ہوا۔ بدھ کو صبح 6بجے سے 9بجے کے درمیان دھند چھائی جس کی وجہ سے حد نگاہ 6کلومیٹر سے کم ہوکر 3کلومیٹر رہ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موجودہ سردی کی لہر مذید دوروز تک جاری رہ سکتی ہے ،جبکہ آج شہر مطلع خشک، رات میں ٹھنڈ اور صبح کے وقت دھند چھانے کی توقع ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق حالیہ سردی کی لہر کے بعد رواں سال موسم سرما کے دوران مغربی ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافے کا بھی امکان ہے۔