واٹر بورڈ کی کالونیوں میں انسداد تجاوزات آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ

اگلے ماہ کالونیوں میں آبادغیرمتعلقہ افرادسے مکان خالی کرائے جائیں گے،ناجائز قابضین کو30روز میں قبضہ ختم کرنا ہوگا


Staff Reporter December 26, 2018
 ڈائریکٹر انفورسمنٹ اور چیف سیکورٹی آفیسر،پولیس اورسیکیورٹی اداروں کی مدد سے قابضین سے زمین واگزار کرائیں گے فوٹو:فائل

عدالت عظمیٰ کے احکام کی تکمیل کے لیے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود شیخ کی ہدایات پر واٹربورڈ اپنی اراضی تنصیبات اور ملازمین کی رہائشی کالونیوں میں قائم غیرقانونی تجاوزات و تعمیرات کے خلاف بھرپورکارروائی کرے گا۔

رہائشی کالونیوں میں آباد غیر متعلقہ افراد سے مکانات خالی کرالیے جائیں گے، ناجائز قابضین کو 30 روز میں واٹربورڈ کی اراضی تنصیبات اور ملازمین کی رہائشی کالونیوں سے تجاوزات اور تعمیرات کے خاتمے کے نوٹس جاری کیے جارہے ہیں۔ نوٹس کی میعاد گزرنے کے بعد بڑی کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکام پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ایم ڈی واٹربورڈ خالدمحمود شیخ نے واٹربورڈ اپنی اراضی تنصیبات اور ملازمین کی رہائشی کالونیوں میں قائم غیر قانونی تجاوزات و تعمیرات کے خاتمے کے لیے احکام جاری کردیے ہیں۔

جن کی تکمیل کے لیے واٹربورڈ کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نسیم احمد نے تمام متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت جاری کردی ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام واٹربورڈ کی تنصیبات و ملازمین کی رہائشی کالونیوں میں ناجائز تجاوزات و غیرقانونی تعمیرات قائم کرنے والوں کو فوری طور پر30 دن کے اندر تجاوزات وتعمیرات کے خاتمہ اور رہائشی کالونیوں میں آباد غیرمتعلقہ افراد کو مکانات خالی کرنے کے نوٹس جاری کریں۔

نوٹس کی میعاد گزرنے کے بعد ڈائریکٹر انفورسمنٹ اور چیف سیکورٹی آفیسر پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی مدد سے واٹربورڈ اراضی، تنصیبات اور ملازمین کی رہائشی کالونیوں میں قائم غیرقانونی تجاوزات و تعمیرات کے خاتمے اور رہائشی کالونیوں میں آباد غیرمتعلقہ افراد سے مکانات خالی کرالیے جائیں گے۔