سال 2018 پاکستانی سینما کےلیے کیسا رہا؟

زنیرہ ضیاء  جمعـء 28 دسمبر 2018
 رواں برس پاکستانی سینما میں کئی اچھی فلمیں ریلیز ہوئیں جنہیں شائقین کی جانب سے بے حد سراہاگیا

رواں برس پاکستانی سینما میں کئی اچھی فلمیں ریلیز ہوئیں جنہیں شائقین کی جانب سے بے حد سراہاگیا

کراچی: سال 2018 اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے یہ سال پاکستانی سینما کے لیے اچھا ثابت ہوا گزشتہ برس کی طرح رواں برس بھی پاکستانی سینما میں کئی اچھی فلمیں ریلیز ہوئیں جنہیں شائقین کی جانب سے بے حد سراہاگیا۔ یہ فلمیں معیار کے اعتبار سے کسی بھی بالی ووڈ یا بین الاقوامی فلم سے کم نہیں تھیں۔

رواں سال ’جوانی پھر نہیں آنی2‘،’طیفا ان ٹربل‘،’لوڈویڈنگ‘اور’پرواز ہے جنوں‘جیسی شاندار فلمیں ریلیز ہوئیں جنہوں نے پاکستان سمیت بیرون ممالک بھی کروڑوں کا بزنس کیا ان فلموں نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو مزید مستحکم کرنے اورسینما کی ترقی کی جانب ایک اور قدم آگے بڑھانے میں اہم کردار اداکیا۔ رواں سال عیدالضحیٰ پر بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی نے بھی پاکستانی فلموں کو سہارادیا جس کا فائدہ عیدالضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلموں کو ہوا اورفلمیں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

جہاں پاکستانی سینما میں رواں برس ریلیز ہونے والی فلموں نے کروڑوں کا بزنس کیا وہیں کچھ فلمیں شائقین کے معیار پر پوری نہیں اتریں جن میں فلم’پری‘، ’مان جاؤنا‘، اور’موٹرسائیکل گرل‘ شامل ہیں۔ سوہائے علی ابڑو کی فلم’موٹر سائیکل گرل‘اپنی کہانی اور موضوع کے اعتبار سے منفرد فلم تھی جس میں خواتین کی آزادی اوران کے خوابوں کی تکمیل کے حوالے سے خوبصورت پیغام دیاگیا تھا، اس فلم نے ناقدین سے بے حد داد سمیٹی لیکن یہ فلم شاندار بزنس کرنے میں ناکام رہی۔ اب بات ہوجائے رواں سال پاکستانی سینما میں کون کون سی فلموں کا میلہ سجا۔

سال 2018 میں جس فلم کو سب سے پہلے سینما میں ریلیز ہونے کا اعزا ز حاصل ہوا وہ اداکارہ حریم فاروق، علی رحمان خان اور شفقت چیمہ کی فلم ’پرچی‘ تھی۔ جنوری میں ریلیز کی گئی اس فلم کو شائقین کی جانب سے اچھا ردعمل ملا جب کہ فلم’پرچی‘ کو سعودی عرب میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

فلم پرچی کے بعد اداکارہ آمنہ شیخ، صنم سعید، عدنان ملک کی فلم ’کیک‘ریلیز ہوئی۔ اس فلم نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی بے حد داد سمیٹی، ’کیک‘ نے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا جب کہ اسے ایوارڈز کی دنیا کے سب سے بڑے اعزاز آسکر کے لیے بھی نامزد کیاگیا ہے۔

پاکستان کی خوبصورت اورعالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان کی کامیڈی فلم’سات دن محبت ان‘ بھی رواں سال ریلیز ہوئی۔ ڈراما سیریل ’ہمسفر‘میں روتی ہوئی ماہرہ خان کو بالکل منفرد اور مزاحیہ انداز میں دیکھنے کے لیے شائقین بے چین تھے یہی وجہ تھی کہ اس فلم کا بے صبری سے انتظار کیاجارہا تھا۔ اور توقع کی جارہی تھی کہ عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم’سات دن محبت ان‘ ماہرہ خان کے چاہنے والوں کے لیے زبردست تحفہ ثابت ہوگی۔ فلم نے ریلیز کے ابتدائی دنوں میں تو اچھا بزنس کیا تاہم یہ سپرہٹ ثابت نہ ہوسکی۔ عید الفطر کے موقع پر ہی اداکار معمر رانا طویل عرصے بعد فلم ’آزادی‘ کے ساتھ فلم انڈسٹری میں واپس آئے اور شائقین سے داد سمیٹی۔

ماہرہ خان اورشہریار منور کی ’سات دن محبت ان‘ کے بعد علی ظفر اور مایا علی نے فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے ساتھ زبردست انٹری دی اور سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ’طیفا ان ٹربل‘2018 کی پہلی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی جس نے کروڑوں کا بزنس کرکے ثابت کردیا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کسی بھی معیار سے اب کسی بین الاقوامی فلم انڈسٹری سے کم نہیں ہے۔ فلم کو شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیاگیا، یہاں تک کہ’طیفا ان ٹربل‘ لمبے عرصے تک پاکستانی سینما میں لگی رہی۔

عید الضحیٰ پاکستانی سینما کے لیے بہت مبارک ثابت ہوئی۔ عیدالضحیٰ پر رواں سال کی تین بڑی فلمیں’جوانی پھر نہیں آنی2‘، ’پرواز ہے جنوں‘ اور’لوڈ ویڈنگ‘ ریلیز ہوئیں۔ فلموں کے ٹریلر ریلیز سے قبل ہی دھوم مچاچکے تھے لہٰذا شائقین کی جانب سے بڑے بجٹ اوربڑے فنکاروں پر مشتمل ان تینوں فلموں کا بے چینی سے انتظار کیاجارہا تھا۔ تاہم تینوں فلموں کی ایک ہی دن ریلیز نے مقابلہ بے حد سخت کردیاتھا اور یہ مقابلہ ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ کی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی2‘ جیت گئی جس نے 50 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکےسب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر اور احد رضا میر کی فلم’پرواز ہے جنوں‘ کو بھی شائقین کی جانب سے پسند کیاگیا لیکن یہ فلم’جوانی پھر نہیں آنی2‘کو ہرا نہیں پائی، تاہم ان دونوں فلموں کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ سب سے زیادہ خسارے میں رہی اور فہد مصطفیٰ اورمہوش حیات کی جوڑی بھی زیادہ کمال نہ دکھاسکی۔

سال کے اختتامی ایام میں  اینیمیٹڈ کامیڈی فلم’ڈونکی کنگ‘ کوبھی شائقین کی جانب سے اچھا ردعمل موصول ہوا۔

مجموعی طور پر اگر پورے سال کا تجزیہ کیاجائے تو رواں سال صرف فلم ’کیک‘، ’طیفا ٹربل‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی2‘ ہی باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئیں، لیکن اس کایہ ہرگزمطلب نہیں کہ دیگر فلمیں فلاپ ہوگئیں، ہاں ان فلموں نے اوپر بیان کی گئی فلموں سے کم کمائی کی ہے لیکن معیار کے اعتبار سے یہ کسی بھی طرح اچھی اور بڑی فلموں سے کم نہیں تھیں۔

2018 پاکستانی سینما کےلیے 2017 کے مقابلے میں کیسا رہا؟

اب اگر بات کی جائے کہ 2018 ، 2017 کے مقابلے سینما کے حوالے سے کیسا رہا تو گزشتہ برس پاکستانی سینما میں ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘،’نامعلوم افراد2‘،’مہرالنسا وی لب یو‘،’یلغار‘اورماہرہ خان کی’ورنہ‘ریلیز ہوئی تھیں جنہوں نے باکس آفس پر اچھا بزنس کیاتھا جب کہ ہدایت کار سید نور کی فلم ’چین آئے نا‘ اورساحر لودھی کی ’راستہ‘ باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوگئی تھیں۔

اگر گزشتہ برس اور رواں برس ریلیز ہونے والی کامیاب فلموں کا موازنہ کیا جائے تو گزشتہ برس ریلیز ہونے والی کامیاب فلموں کی تعداد رواں برس ریلیز ہونے والی فلموں سے زیادہ تھی، تاہم رواں سال ریلیز ہونے والی فلمیں بجٹ کے حوالے سے گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلموں پر بازی لے گئیں۔ پاکستانی سینما انڈسٹری کا زوال ختم ہورہا ہے اور انڈسٹری ترقی کی جانب گامزن ہے۔ گوکہ ترقی کی رفتار سست ہے لیکن امید ہے کہ ایک  دن پاکستانی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے معیار تک پہنچ جائے گی اورآنے والا سال فلم انڈسٹری کے لیے مزید خوش آئند ثابت ہوگا۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

زنیرہ ضیاء

زنیرہ ضیاء

بلاگر شوبز تجزیہ نگار ہیں۔ ان سے ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ ٹوئٹر ہینڈل @ZunairaGhori اور انسٹاگرام آئی ڈی zunairazia_official پر بھی انہیں فالو کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔