رمضان المبارک میں عبادت گاہوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائیگی

تمام مکاتبِ فکرکے علماء کو اس مقدس مہینے میں اشتعال انگیزتقاریر سے اجتناب کرنا چاہیے


Numainda Express July 09, 2013
کسی بھی مذہبی تقریب کیلیے این او سی کا اجرا لازم ہو گا ،ڈی آئی جی آپریشنز کا اجلاس سے خطاب. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: رمضان المبارک کے پاک و مقدس مہینہ میں لاہور پولیس عبادت گاہوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی۔

سحری ،افطاری، تراویح اور خصوصاََ اعتکاف کے دوران سکیورٹی مزید سخت کر دی جائے گی۔ ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد رمضان المبارک میں روزہ داروں کو مکمل احساسِ تحفظ فراہم کر نا ہے تاکہ رمضان المبارک میں پرُ امن ماحول میں اللہ تعالیٰ کے حضور عبادتوں کا نظرانہ پیش کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی آپریشنز محمد طاہر رائے نے ممبران امن کمیٹی اور علماء کرام سے پولیس لائن میں رمضان المبارک کے سلسلہ میں منعقد اجلاس میں خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر تمام ڈویژنل ایس پیز، ایس پی ہیڈ کوارٹر ، ایس پی مجاہد اسکواڈ اور علماء کرام کی بھاری اکثریت نے شرکت کی ۔



انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ رمضان المبارک میں علماء کرام کا اہم کردار ہوتا ہے اس لئے تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام کو رمضان المبارک کے دوران اشتعال انگیزتقاریراور خطبات سے اجتناب کرنا چاہئے۔ کسی بھی قسم کی مذہبی تقریب میں این او سی کا اجراء لازم ہو گا۔ رمضان المبارک میں ہر فرد کا تحفظ ہمارا اولین فریضہ ہے۔ اس فریضہ کی ادائیگی عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔انہوں نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر ڈویژنل ایس پی رمضان کے دوران اپنی ڈویژن میں ہونے والی تمام مذہبی تقریبات کے انچارج ہونگے ۔