چیرمین نیب تقرری قائد حزب اختلاف نے بھگوان داس اور سردار رضا کے نام تجویز کردیئے

اپوزیشن نے جو نام تجویز کئے ہیں اس پر کسی کو بھی اختلاف کرنا بہت مشکل ہوگا، سید خورشید شاہ


ویب ڈیسک July 09, 2013
چیرمین نیب کے لئے وزیر اعظم کے تجویز کردہ ناموں پر کوئی اعتراض نہیں کیا، خورشید شاہ۔ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے چیرمین نیب کے لئے جسٹس (ر) رانا بھگوان داس ا ورسرداررضا کے نام تجویز کردیئے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے چیرمین نیب کی تقرری کے لئے آئینی طریقہ کار کے تحت مشاورت کا عمل شروع کیا تھا انہوں نے اپنے خط میں جسٹس (ر) رحمت حسین جعفری اور خواجہ ظہیر کے نام تجویز کئے تھےجس پر وزیر اعظم کو جوابی خط ارسال کردیا گیا ہے۔

جوابی خط میں انہوں نے اس سلسلے میں بامعنی مشاورت کے لئے سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا ہے، خط میں اپوزیشن کی جانب سے ان ناموں پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا تاہم انہوں نے اس اہم عہدے کے لئے جسٹس (ر) بھگوان داس اورسرداررضا کے نام دیئے ہیں جس پر کسی کو بھی اختلاف کرنا بہت مشکل ہوگا۔

واضح رہے کہ آئین کے مطابق چیرمین نیب کی تقرری کے لئے وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان بامعنی مشاورت ضروری ہے، اسی بنیاد پر سپریم کورٹ نے ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری کی تقرری بھی کالعدم قرار دے دی تھی۔

مقبول خبریں