صحت کی سہولتیں فراہم کرنیوالے اداروں کو رجسٹریشن کرانے کا حکم

رجسٹریشن کی فیس نہیں،مستندڈاکٹروں کی پہچان کیلیے موبائل ایپ تیار،معلومات کیلیے ویب سائٹ اورفون نمبرجاری


Staff Reporter December 28, 2018
سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن نے صحت کے اداروں اوران سے منسلک افرادکی رجسٹریشن شروع کردی ہے،سی ای اومنہاج قدوائی

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے صحت کی سہولیات فراہم کرنیوالے اسپتالوں،کلینکس، لیباریٹریز،میٹرینٹی ہومز اور دیگر اداروں اور افرادکو فوری طور پر سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن ایکٹ 2013 کے تحت اپنی تصدیق کرانے کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ادارے یا افراد سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے اپنی تصدیق کرانے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف ایکٹ میں درج قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر منہاج اے قدوائی نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ کمیشن نے صحت کے اداروں اور ان سے منسلک افراد کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ عوام کو عطائی ڈاکٹروں سے نجات مل سکے۔

انھوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل کی کوئی فیس نہیں ہے،ڈاکٹر منہاج اے قدوائی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے موبائل ایپ بھی تیار کی ہے جس کے ذریعے مستند ڈاکٹروں کی پہچان ممکن ہو سکے گی انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمے داری نبھاتے ہوئے اپنی زندگی کسی عطائی ڈاکٹر کے ہاتھ میں نہ دیں اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا ساتھ دیں، انھوں نے کہاکہ عوام کی سہولت اور مزید معلومات کے لیے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ویب سائٹ www.shcc.org.pk اور فون نمبرز 021-38656-000،0800-07422 جاری کردیے ہیں۔