تھر کول فیلڈ ٹو کے متاثرین کی ماڈل ولیج میں منتقلی شروع

ابتدائی مرحلے میں36خاندان ماڈل ولیج منتقل، ہرخاندان کو1100مربع گزکامکان دیاگیاہے


Staff Reporter December 28, 2018
ہم نے متاثرین کو پروجیکٹ میں شراکت دار بنایا ہے، وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کی مبارک باد ۔ فوٹو: فائل

ضلع تھر پارکر میں کول فیلڈ ٹو کے متاثرین کی ماڈل ولیج سنہری درس میں بحالی کا عمل شروع ہوگیا۔

ابتدائی مرحلے میں36خاندانوں کو ماڈل ولیج منتقل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے متاثرین کو تمام سہولتوں کے ساتھ نیامکان ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے تھر کول فیلڈ بلاک ٹو کے متاثرین کو پروجیکٹ میں شراکت دار بنایا ہے۔ نیا ماڈل ولیج ملک میں ایک کامیاب ری سیٹلمنٹ ماڈل ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ ہر خاندان کو 1100 مربع گز کے مکان میں 3 بیڈ روم، واش روم، کچن، صحن، روایتی چونرا، اوطاق (مہمانوں کے بیٹھنے کی جگہ) اور مویشیوں کی جگہ فراہم کی گئی ہے۔ ہر گھر کو شمسی توانائی کے ساتھ گرڈ کنکشن سے منسلک کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تھر کے سنہری درس ماڈل ولیج میں 172پکے گھر، 1000 طالب علموں کے لیے 3 منزلہ اسکول، 10 دکانوں کا بازار، مردوں اور عورتوں کے لیے الگ الگ کمیونٹی مراکز، پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کیلیے 2 آراوپلانٹ، مسجد، مندراورمال مویشی کیلیے850 ایکڑاراضی شامل ہے۔ اس کے علاوہ تمام اہم سڑکوں تک رسائی، اندرونی گلیوں کوپکا اورعلاقے کو پودے لگا کر سرسبز بنایا گیاہے۔ مارچ 2019 تک 172مکانات میں متاثرہ خاندانوں کی بحالی/منتقلی مکمل کی جائے گی۔