غلط اسٹروکس کھیلنے والے اسد شفیق ریڈار میں آگئے

دوسرے میچ کیلیے ڈراپ کرنے پرغور،حارث یا رضوان کی شمولیت متوقع، عباس فٹ


Sports Reporter December 29, 2018
دوسرے میچ کیلیے ڈراپ کرنے پرغور،حارث یا رضوان کی شمولیت متوقع، عباس فٹ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ سے دوسرے ٹیسٹ کیلیے قومی ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ہے۔

سنچورین میں دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد گرما گرمی میں بڑی تبدیلیوں کی تجویز بھی سامنے آئی،اہم مواقع پر غلط اسٹروکس کھیل کر ٹیم کی کشتی بھنور میں چھوڑ جانے والے اسد شفیق ریڈار میں آگئے، ان کی جگہ حارث سہیل یا محمد رضوان کی شمولیت متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی بیٹنگ کے ساتھ غیر مستقل مزاجی کا لیبل ہمیشہ سے جڑا رہا ہے، اب یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد بیٹسمینوں کے اہم مواقع پر ہمت ہارنے کی مثالیں تسلسل سے سامنے آنے لگی ہیں،سنچورین ٹیسٹ کے دوسرے روز ایک وکٹ پر سنچری مکمل کرنے کے بعد تیزی سے وکٹیں گنوائیں اور پوری ٹیم 190پر ڈھیر ہوگئی،سینئرز اظہر علی، اسد شفیق اور سرفراز احمد نے غیر ذمہ دارانہ اسٹروکس کھیلتے ہوئے پویلین کی راہ لی۔

یواے ای میں آسٹریلیا اور بعد ازاں نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز میں بھی اہم مواقع پر بیٹسمینوں کے ہمت ہارنے کی وجہ سے حریف حاوی ہوئے اور کامیابی کی امیدیں حسرت میں بدل گئیں، ویب سائٹ ''کرک انفو''کے مطابق سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ایک بار پھر بیٹنگ کے ڈگمگا جانے پر دلبرداشتہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر سینئرز پر خوب برسے، اس دوران گرما گرمی کے ماحول میں 3جنوری سے شروع ہونے والے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کیلیے ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کی تجویز بھی سامنے آئی۔

سنچورین میں ناکام اسد شفیق یواے ای میں بھی مشکل حالات میں ٹیم کی کشتی کو بھنور میں چھوڑ کررخصت ہوئے، پریشانی کی بات ان کی شاٹ سلیکشن تھی،اس صورتحال میں اسدکو ڈراپ کیے جانے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے،پہلے ٹیسٹ سے قبل ان فٹ ہونے والے حارث سہیل صحتیاب ہوچکے، ان کے ساتھ محمد رضوان بھی بینچ پر موجود ہیں، اگر اسد کو ڈراپ کیا گیا تو ان میں سے کوئی ایک کھیلے گا، فٹنس بحال ہونے کے بعد محمد عباس کی واپسی یقینی ہے۔