ایئر لائنز کے درجنوں ملازمین کی اسناد جعلی اور ناقابل تصدیق ہونے کا انکشاف

جامعہ کراچی میں 400 ڈگریاں تصدیق کیلیے بھیجی گئیں، 33جعلی نکلیں


Staff Reporter December 29, 2018
انٹر بورڈ میں ایئرلائنز کی جانب سے ملازمین کے500 سے زائد سرٹیفکیٹ تصدیق کے لیے آئے،12جعلی اور25سرٹیفکیٹ ناقابل تصدیق نکلے،ذرائع فوٹو:فائل

ملک کی مختلف ایئرلائنز کے درجنوں ملازمین کی تعلیمی اسناد جعلی اور ناقابل تصدیق ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر مختلف ایئرلائنز میں کام کرنیوالے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کرائی گئی ،انٹر بورڈ کراچی کے ذرائع کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں500 سے زائد سرٹیفکیٹ تصدیق کیلیے آئے جن میں سے 12 سرٹیفکیٹس جعلی نکلے جبکہ 25 سرٹیفکیٹس ناقابلِ تصدیق ہیں،دوسری جانب میٹرک بورڈ کے اعلیٰ عہدے پر فائز افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ میٹرک بورڈکو پہلے مرحلے میں 574 سرٹیفکیٹس موصول ہوئے اور پھر 106 سرٹیفکیٹس دوسرے مرحلے میں ملے جن میں سے 8 ڈگریاں ایسی نکلیں ہیں جو ناقابل تصدیق ہیں۔

سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے بھی 3 سرٹیفکیٹس ناقابلِ تصدیق ہیں،این ای ڈی یونیورسٹی کو تصدیق کیلیے 60 ملازمین کی ڈگریاں بھیجی گئیں جن میں تمام 60 ڈگریوں کی تصدیق کردی گئی، جامعہ کراچی میں 400 سے زائد ڈگریاں تصدیق کیلیے بھیجی گئیں تاہم 33 ڈگریاں جعلی نکلیں، پانچ ناقابلِ تصدیق ہیں، واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مختلف ایئر لائنز میں درجنوں ملازمین کے خلاف جعلی تعلیمی اسناد کے حوالے سے کارروائی کی جاچکی ہے۔