کلفٹن میں بنگلے کے چوکیدارکا قاتل گھر کا ملازم نکلا

شہباز نے چوکیدار بشیر کو جھگڑے کے دوران سر پر ڈنڈے مارکر قتل کیا،پولیس.


Staff Reporter July 10, 2013
بنگلے کے مالک ایف بی آر کے ریٹائرڈ افسر خاندان کے ساتھ اسلام آباد میں ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

JOHANNESBURG: بوٹ بیسن انویسٹی گیشن پولیس نے بنگلے کے چوکیدارکے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم کوگرفتار کر لیا .

تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن انویسٹی گیشن پولیس نے شیریں جناح کالونی میں شاہ جی چوک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم شہباز عرف نتھوکو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے اور پولیس کو بتایا ہے کہ اس نے اپنے ساتھی چوکیدار بشیر پٹواری کو جھگڑے کے بعد سر پر ڈنڈے مار قتل کیا تھا اور لاش ایک روز تک بنگلے میں رکھنے کے بعد اگلے روز بنگلے کے قریب واقع کچرا کنڈی میں پھینک دی تھی اور بنگلے پر تالا لگا کر فرار ہو گیا تھا .



انویسٹی گیشن پولیس کے مقتول چوکیدار بشیر پٹواری کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں آگئی جس میں بتایا گیا ہے کہ مقتول کے گردن اور سرکی تمام ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں جو سر پر بھاری چیز مارنے کی وجہ سے ٹوٹی ہیں، پولیس کے مطابق مقتول بشیر پٹواری ولد محمد اسلم ایف بی آر کے ریٹائرڈ سینئر ممبر اسرار رؤف کے بنگلے کا چوکیدار تھا اور گرفتار ملزم شہباز نتھو ان ہی کے گھر کا ملازم ہے.

انھوں نے بتایا کہ اسرار رؤف اپنی فیملی کے ہمراہ اسلام آباد گئے ہوئے تھے اور گھر کی دیکھ بھال کیلیے شہباز نتھو اور بنگلے کا چوکیدار بشر پٹواری موجود تھے اور دونوں میں کسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر شہباز نتھو نے بشیر پٹواری کو قتل کردیا، پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا ریمانڈ لینے کیلیے آج عدالت میں پیش کیا جائیگا جس کے بعدگرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جائیگی، واضح رہے کہ پیر کو کلفٹن بلاک ٹو میں بنگلہ نمبر D-19 کے قریب واقع کچرا کنڈی سے ایک شخص کی لاش ملی تھی جسے سر پر بھاری چیز مارکر اور پھندا لگا کر قتل کیا گیا تھا۔