شہربھرمیں بدترین ٹریفک جام شہری اذیت سے دوچار

مختلف علاقوں میں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کنٹرول کیا.


Staff Reporter July 11, 2013
شہر کی تمام شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا. فوٹو: ایکسپریس

QUETTA: ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث شہر قائد کے باسیوں کو ٹریفک جام کی اذیت سے دوچار ہونا پڑا۔

شہر کی تمام شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مختلف علاقوں میں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کنٹرول کیا جبکہ ٹریفک پولیس کے افسران یکسر غائب ہوگئے، تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث میٹروپولیٹن شہر کراچی کے باسیوں کو ٹریفک جام کی اذیت سے بدھ کو بھی دوچار ہونا پڑا، شہر کی تمام شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، دفاتر سے گھروں کو واپس جانیوالے افراد بھی انتہائی تاخیر سے گھروں کو پہنچے خصوصاً خواتین کو بہت زیادہ پریشانی رہی۔



ماڑی پور روڈ ، شیرشاہ ، سائٹ ایریا بلدیہ ٹاؤن ، حب ریور روڈ ، ٹاور ، ڈینسو ہال ، بولٹن مارکیٹ ، جامع کلاتھ ، برنس روڈ ، آئی آئی چندریگر روڈ ، پریڈی اسٹریٹ ، نیو پریڈی اسٹریٹ ، صدر ، ریگل ، فریسکو چوک ، لکی اسٹار ، شارع فیصل ، پی آئی ڈی سی چوک ، کارساز ، نرسری ، ڈرگ روڈ ، شاہ فیصل کالونی ، ناتھا خان پل ، ایئرپورٹ ، ملیر ، ملیر پندرہ ، ملیر ہالٹ ، نمائش چورنگی ، ایم اے جناح روڈ ، گرومندر ، لسبیلہ ، گولیمار ، ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، تین ہٹی ، لیاقت آباد ، ڈاکخانہ ، کریم آباد ، عائشہ منزل ، واٹر پمپ ، سہراب گوٹھ اور سپر ہائی وے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ، اس موقع پر سڑکوں سے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار یکسر غائب ہوگئے اور شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کنٹرول کیا ، شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس میں فرض شناس افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں۔