مخصوص نشستوں پرکامیاب امیدواروں کیخلاف درخواست دائر
اسمبلی کی 120نشستوں کی بنیاد پر130نشستوں کی تقسیم غیرقانونی ہے،درخواست گزار
KARACHI:
سندھ ہائیکورٹ نے قومی و سندھ اسمبلی کی اقلیتوں اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کے خلاف نیشنل پیپلز پارٹی کی درخواست پرالیکشن کمیشن ،صوبائی الیکشن کمیشن اور ڈپٹی اٹارنی جنرل سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔
مرید علی شاہ ایڈوکیٹ کے توسط سے دائردرخواست میں نیشنل پیپلز پارٹی نے موقف اختیارکیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 28 مئی کو قومی و صوبائی اسمبلیوں کی اقلیتوں اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، سندھ اسمبلی میں 10نشستوں سے متعلق درخواستیں الیکشن کمیشن اور سندھ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں۔

جن کے نتائج جاری نہیں کیے گئے، ان نشستوں میں سے اکثر پر نیشنل پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے مخالف امیدواروں کی کامیابی کو چیلنج کررکھا ہے، اس طرح مجموعی 130 نشستوں پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کی 120نشستوں کی بنیاد پر130نشستوں کی تقسیم غیر قانونی ہے،مذکورہ نوٹیفکیشن کو کاالعدم قراردیا جائے۔