جوہانسبرگ میں عمدہ کھیل پیش کریں گے سرفرازاحمد

بولرز توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرپائے، سیریز گنوانے پر افسوس ہے، کپتان


Sports Desk January 07, 2019
بولرز توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرپائے، سیریز گنوانے پر افسوس ہے، کپتان فوٹو:فائل

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد قومی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بولنگ بڑا فرق ثابت ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی کپتان سرفراز احمد نے کیپ ٹاؤن میں ناکامی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بولنگ بڑا فرق ثابت ہوئی، ہمارے بولرز اس معیار کی پرفارمنس پیش نہیں کرپائے جو کیپ ٹاؤن کی وکٹ پر میزبان پیسرز نے پیش کی، ہمارے بولرز کی رفتار 138 رہی جبکہ پروٹیز پیسر نے 145 کی رفتار سے بولنگ کی، شکست مایوس ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بطور ٹیم ہم اچھا کھیل پیش نہیں کرپائے، پہلی اننگز میں قابل قدر مجموعہ ترتیب نہیں دے پائے، اگر اس وقت اسکور پر 250 یا 300 رنز جوڑپاتے کو کہانی مختلف ہوتی، بدقسمتی سے ہم اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھاپائے، ہوم سائیڈ نے عمدہ کھیل پیش کیا ، اگرچہ ہمارے بیٹسمینوں نے بھی اچھے اسٹروکس کھیلے اور بولرز نے گیندیں کیں، جنوبی افریقن بولرز نے بہت اچھی بولنگ کی۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ہمیں آزادانہ اسٹروکس کھیلنے کے مواقع کم فراہم کیے، ہمارے بولرز نے زیادہ ' لوز ' بالز کیں، جس پر میزبان بیٹسمینوں کو بڑا مجموعہ ترتیب دینے کا موقع ملا، آرتھر کی جانب سے جنوبی افریقی وکٹوں پر سوال اٹھائے پر سرفراز نے کہا کہ وہ مجھ سے بہتر جنوبی افریقی وکٹوں کو جانتے ہیں، ڈسپلن کا فقدان رہا، لیکن جب بھی ایشین ٹیمیں ایسی وکٹوں پر آتی ہیں، انھیں کچھ مسائل درپیش ہوتے ہیں، لیکن ہمارے بیٹسمینوں نے دوسری اننگز میں جس انداز سے کھیل پیش کیا وہ ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے، ہم دن بدن بہتری حاصل کرتے ہوئے جوہانسبرگ میں عمدہ پرفارمنس پیش کرنا چاہیں گے۔