العزیزیہ ریفرنس؛ نواز شریف کی سزا کیخلاف متفرق درخواست سماعت کیلئے مقرر

ویب ڈیسک  منگل 8 جنوری 2019
نواز شریف نے سزا کے خلاف اپیل جلد سماعت کیلیے مقرر کرنے کی درخواست دائر کی ہے فوٹو:فائل

نواز شریف نے سزا کے خلاف اپیل جلد سماعت کیلیے مقرر کرنے کی درخواست دائر کی ہے فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل جلد سماعت کے لئے مقرر کرنے سے متعلق متفرق درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔ ہائیکورٹ میں درخواست نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ نواز شریف کے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہو رہے ہیں لہذا درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

ہائیکورٹ نے متفرق درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی  جس کے لیے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر فوری سماعت نہیں ہوسکتی

گزشتہ روز نوازشریف کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پرفوری سماعت نہیں ہوسکتی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اپیل کی سماعت سے قبل سزا معطلی کی درخواست پر سماعت نہیں ہوسکتی اور سزا معطل کرنے کی درخواست بھی اپیل کے ساتھ ہی سنی جائے گی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے  24 دسمبر کو نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید جب کہ ڈیڑھ ارب روپے اور 25 ملین ڈالر جرمانے کی سزا کا حکم دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔