عید الفطر پکنک منانے والے6افراد سمندر میں ڈوب گئے

چار کی لاشیں نکال لی گئیں، نیلم پوائنٹ میں ڈوبنے والے 2افراد کی تلاش جاری


Staff Reporter August 23, 2012
عید الفطر کے تین دنوں کے دوران ساحل سمندر پر پکنک منانے جانے والے6 افراد نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

WAZIRISTAN:

عید الفطر کے تین دنوں کے دوران ساحل سمندر پر پکنک منانے جانے والے6 افراد نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈوبنے والے2 افراد کی تلاش جاری ہے، تفصیلات کے مطابق ماڑی پور کے علاقے کیپ ماؤنٹ کے مقام پر خالد اور شفیع نامی شخ ڈوب گئے جس میں سے شفیع کو موقع پر موجود غوطہ خوروں نے بچا لیا جبکہ خالد کی لاش نکال کی گئی، متوفی لیاری کھڈہ مارکیٹ کا رہائشی تھا۔


پولیس کے مطابق متوفی کی لاش ورثا پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے جبکہ ڈاکس تھانے کی حدود سینڈز پٹ کے ساحل پر عید الفطر کے دوسرے روز شہر کے مختلف علاقوں سے پکنک منانے جانے والے7 افراد نہاتے ہوئے ڈوب گئے جس میں سے3 افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا جبکہ4 افراد کی لاشیں نکالی گئیں، ڈوب کر ہلاک ہونے والوں کی شناخت25 سالہ جنید ولد اقبال اس کا کزن 25 سالہ طارق ولد اسحاق ،18 سالہ فرحان ولد محمد حسین اور6 سالہ شکیب خان ولد وحید خان کے نام سے کی گئیں، پولیس کے مطابق متوفی شکیب خان لانڈھی نمبر6 کا رہائشی تھا جو اپنے والدین اور بھائی بہن کے ساتھ پکنک منانے آیا تھا۔

متوفی کے گھر والے لاش پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے جبکہ جاں بحق ہونے والے جنید ، طارق اور فرحان آپس میں دوست اور نیو کراچی گودھرا کیمپ کے رہائشی تھے ، ہلاک ہونے والوں کی لاشیں سمندر سے نکالے جانے کے بعد ان کے دوست دھاڑیں مار مار کر رونے لگے جبکہ ڈوبنے کی اطلاع ملنے پر ہلاک ہونے والوں کے گھر والے اور دیگر رشتے دار بھی موقع پر پہنچ گئے اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں سے لپٹ کر دھاڑیں مار مار کر رونے لگے۔