حالات ٹھیک ہوتے ہی لیاری سے نقل مکانی کرنیوالوں کو واپس لایا جائے صوبائی کمیٹی کی سفارش

وفاقی سیکریٹری داخلہ اورڈی جی آئی بی نے لیاری کامختصردورہ کرکے رپورٹ تیارکرلی،وزیراعظم کوپیش کریں گے۔


Staff Reporter July 14, 2013
وفاقی سیکریٹری داخلہ اورڈی جی آئی بی نے لیاری کا مختصردورہ کرکے رپورٹ تیارکرلی، وزیراعظم کوپیش کریں گے۔ فوٹو : آن لائن

وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پرکراچی پہنچنے والے وفاقی سیکریٹری داخلہ قمرالزماں چوہدری اورڈی جی آئی بی آفتاب سلطان نے لیاری کا مختصر دورہ کیا۔

دونوں افسران کوڈی جی رینجرز ،آئی جی سندھ ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم محمد وسیم اور دیگر نے لیاری کی صورتحال اورلوگوں کی نقل مکانی پر بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق وفاقی سیکریٹری داخلہ کو بتایا گیاکہ حکومت سندھ لیاری میں بحالی امن کیلیے کام کررہی ہے، لیاری سے کچھی برادری کے لوگوں کے نقل مکانی کی وجہ انتخابات کے بعدان پر کیے جانے والے حملے ہیں ،جس کی وجہ سے لیاری سے کچھی برادری کے لوگ اندرون سندھ نقل مکانی کررہے ہیں۔وفاقی سیکریٹری داخلہ کو بتایاگیاکہ لیاری میں کچھ نوگوایریازکی وجہ سے جرائم پیشہ عناصرکیخلاف کارروائی میں پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم حکومت سندھ کوشش کررہی ہے کہ علاقے میں جان و املاک کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

وفاقی سیکریٹری داخلہ قمرالزماں چوہدری نے سندھ حکومت کووفاق کی جانب سے کراچی میں قیام امن کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی سیکریٹری داخلہ اورڈی جی آئی بی لیاری میں نقل مکانی پر اپنی رپورٹ مرتب کرنے کے بعدہفتے کو کراچی سے اسلام آبادروانہ ہوگئے جہاں وہ وزیراعظم کولیاری کے حوالے تیارکردہ اپنی رپورٹ پیش کرینگے۔ دریں اثنامائنٹرنگ ڈیسک کے مطابق ایک نجی ٹی وی نے بتایاہے کہ ڈی جی آئی بی کی جانب سے وزیر اعظم کولیاری کے حوالے سے پیش کردہ ابتدائی رپورٹ میںکہاگیاہے کہ لیاری میں امن و امان کامسئلہ دو گروہوں کاہے،ایک گروپ کو صوبائی حکومت کے ارکان سپورٹ کرتے ہیں جبکہ دوسراگروپ حمایت کیلیے امن کمیٹی کے مخالفین سے رابطے میں ہے،لیاری میں اس سال کے ابتدائی 6 ماہ میں 107افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔



لیاری سے نقل مکانی کرنے والے کچھی برادری کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کردی،جس میں کہا گیاہے کہ نقل مکانی کرنے والے افراد واپس اپنے گھروں کوجانے کیلیے تیارہیں حکومت ان کی بحالی کے اقدامات کرے۔ انتہائی باخبرذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی کے سربراہ سندھ کے وزیراعلیٰ قانون ڈاکٹرسکندرعلی میندھرو نے کمیٹی کے ارکان تاج حیدر اور راشد ربانی کے ہمراہ بدین اور بھنبور میں نقل مکانی کرنیوالے کچھی برادری کے لوگوں سے ملاقات کی اوران کی شکایات اور تحفظات کو غور سے سنا۔کمیٹی نے ان سے تفصیلی ملاقات کے بعد اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کردی۔

رپورٹ میں نقل مکانی کرنیوالے افرادکی تحفظات اور مسائل کا بھی ذکر کیاگیاہے اور کہاگیاہے کہ یہ لوگ صرف اپنے علاقے میں امن چاہتے ہیں اوراپنے گھروں کو واپس جانا چاہتے ہیں۔کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ جیسے ہی لیاری کے حالات ٹھیک ہوں، ان افراد کو سرکاری اخراجات پر واپس ان کے گھروں میں منتقل کیا جائے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدین میں 450 اور بھنبور میں150 افراد موجود ہیں جو لیاری سے نقل مکانی کرکے وہاں پہنچے تھے۔ان میں خواتین، بچے اوربوڑھے بھی شامل ہیں۔ذرائع نے بتایاہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کمیٹی کی رپورٹ وصول کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاری میں آئندہ چند روز کے اندر حالات ٹھیک ہوجائینگے اور تمام افراد کو واپس ان کے گھروں میں آباد کردیا جائے گا۔