ڈیڑھ ماہ گزرگیا تیمور کے قاتلوں کا تاحال سراغ نہیں مل سکا

واقعہ بلائنڈ مرڈر کیس ہے، واقعے کے شواہد اور کوئی گواہ موجود نہیں، پولیس


Staff Reporter July 15, 2013
قتل کے واقعے کو ڈیڑھ ماہ گزر جانے کے باوجود قتل کی تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ڈیڑھ ماہ قبل کورنگی زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں نجی کمپنی کے سیلز ایگزیکٹو کے قتل سراغ نہیں لگایا جا سکا جبکہ پولیس مقتول کا موبائل بھی تاحال تلاش نہ کرسکی۔

تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں30 مئی کو کورنگی سو کوارٹر تصویر محل کے قریب ناظم آباد کے رہائشی اور نجی کمپنی کے سیلز ایگزیکٹو23 سالہ تیمور رضا ولد شمیم کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا، قتل کے واقعے کو ڈیڑھ ماہ گزر جانے کے باوجود قتل کی تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی تفتیش جوں کی توں ہے، قتل کے مقدمے کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر یوسف نعمت نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس کو اب تک مقتول تیمور کا موبائل فون نہیں مل سکا ہے، انھوں نے بتایا کہ جب تک پولیس کو مقتول کا موبائل فون نہیں ملے گا اس وقت تک کیس کی تفتیش آگے نہیں بڑھ سکے گی۔



انھوں نے بتایا کہ واقعہ اندھا قتل ہے اور واقعے کے شواہد اور کوئی گواہ تک موجود نہیں، انھوں نے بتایا کہ پولیس تیمور رضا کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے امید ہے پولیس جلد کسی نہ کسی نتیجے میں پہنچ جائے گی ، مقتول تیمور رضا 2 بھائیوں اور 6 بہنوں میں چھٹے نمبر پر تھا اور نجی انٹر نیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی میں گلستان جوہر برانچ میں تعینات تھا اور واقعے کے روز مقتول تیمور موٹر سائیکل پر سوار ہو کر کورنگی سو کوارٹر تصویر محل کے قریب انٹر نیٹ ڈیوائس کی انسٹالیشن کرنے گیا تھا جہاں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا ۔