کپڑے کے بیشتر بازار آج سے رات میں بھی کھلیں گے

پہلا عشرہ گزرنے کے بعد سحری تک کاروبار ہوتا ہے، خریدار بھی بہت آتے ہیں۔


Staff Reporter July 15, 2013
کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے و الوں کا کاروبار بھی چمک اٹھتا ہے، دکاندار۔ فوٹو: فائل

کپڑے کے بیشتر بازار پیر سے رات کے اوقات میں بھی کھولے جائیں گے، پاپوش مارکیٹ کے دکانداروں نے بتایا کہ پیر سے رات کے اوقات میں دکانیں کھولی جائیں گی۔

رات کے اوقات میں دن کے مقابلے میں زیادہ کاروبار ہوتا ہے، گرمی کی وجہ سے روزے دار گاہک بازاروں کا رخ کرنے سے کتراتے ہیں جبکہ رات کے وقت خاندان کے تمام افراد ایک ساتھ آکر اپنی پسند کا کپڑا خریدتے ہیں، رات کے اوقات میں زیادہ تر بازار ایک سے2 بجے تک کھولے جاتے ہیں تاہم پہلا عشرہ گزرنے کے بعد سحری تک بھی کاروبار ہوتا ہے، کپڑے کے مراکز کھلنے سے کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنیوالوں کا کاروبار بھی چمک اٹھتا ہے اور بازاروں میں رات کے اوقات میں کھانے پینے کے اسٹال لگادیے جاتے ہیں۔



عام بازاروں کی طرح کپڑا بازاروں میں بھی پارکنگ کے مسائل ہیں بے ہنگم پارکنگ اور گاڑیوں کی آمدورفت کی وجہ سے گاہکوں اور دکانداروں کو مسائل کا سامنا ہے، دوسری جانب رات کے وقت کی جانے والی لوڈ شیڈنگ سے بھی کاروبار متاثر ہورہا ہے، دکانداروں کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گرمی اور اندھیرے میں کاروبار بالکل نہیں چل سکتا اور گاہک فوری طور پر دکانوں سے باہر نکل جاتے ہیں اس لیے دکاندار بڑے جنریٹرز چلانے پر مجبور ہیں۔