جعلی کرنل طالبان لیاری گینگ کے ملزمان سمیت 6 گرفتار

صدر ، ماری پور، گڈاپ میں پولیس کی کارروائی، 3 کلاشنکوف اور5دستی بم برآمد.


Staff Reporter July 15, 2013
صدر ، ماری پور، گڈاپ میں پولیس کی کارروائی، 3 کلاشنکوف اور5دستی بم برآمد۔ فوٹو: فائل

صدر، ماری پور اور گڈاپ ٹاؤن پولیس نے جعلی کرنل، تحریک طالبان پاکستان اور لیاری گینگ کے3اہم ملزمان سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر کے 3 کلاشن کوف ، 4 ٹینس بال بم اور ایک دستی بم برآمد کر لیا۔

ایس ایچ او گڈاپ انسپکٹر امتیاز احمد خان نیازی نے پولیس پارٹی کے ہمراہ گڈاپ روڈ عثمان شاہ مزار کے قریب سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم اکبر ملیری کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے ایک سب مشین گن برآمد کر لی ، ایس ایس پی ملیر مظہر نواز شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ اس کا تعلق لیاری گینگ سے ہے جبکہ وہ کالعدم پیپلز امن کمیٹی ملیر کے کمانڈر سہیل ڈاڈا کا داماد ہے، ملزم نے متحدہ قومی موومنٹ کے 4 کارکنوں کو اغوا کر کے قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے ، ملزم نے کچھ عرصہ قبل کنٹریکٹ بس میں میں سوار متحدہ قومی موومنٹ کے 2 کارکنوں کو ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد اغوا کیا تھا اور پھر انھیں قتل کر کے ان کی لاشیں پھینک دیں تھیں۔



صدر پولیس نے شاہراہ فیصل سے ایک ملزم فرقان احمد شیخ کو گرفتار کر کے ایک ٹویوٹا کرولا کار ، ایک ٹی ٹی پستول اور3 موبائل فون برآمد کر لیے۔ ایس ایچ او صدر شبیر قائم خانی نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت ملزم کرنل کی یونیفارم زیب تن کیے ہوئے تھا ، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں خودکو نواب آف جونا گڑھ کا پرسنل سیکریٹری بتایا۔ گرفتار ملزم گلستان جوہر کا رہائشی ہے۔ ماری پور پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 ملزمان ریاست بلوچ ، اسماعیل بلوچ ، محبوب خان محسود اور خرم خان محسود کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 3 کلاشن کوف ، 4 ٹینس بال بم ، ایک دستی بم ، 3 ٹی ٹی پستول اور 70 سے زائد مختلف اقسام کی گولیاں برآمد کر لیں۔ ایس ایچ او ماری پور شفیق تنولی نے بتایا کہ ریاست اور اسماعیل کا تعلق کالعدم پیپلز امن کمیٹی جبکہ محبوب اور خرم کا تعلق تحریک طالبان پاکستان ہے۔