میٹرک بورڈ پوزیشن ہولڈر طلبا کے اعزاز میں تقریب نہ کرنے کا فیصلہ

جنرل گروپ کےپوزیشن ہولڈرطلبا ذرائع ابلاغ کوتاثرات دینےسےمحروم،بورڈصحافیوں کےسوالات سےبچنےکیلیےتقریب منعقد نہیں کرتی.


Staff Reporter July 17, 2013
کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کا بورڈ پر کنٹرول کمزور ہوگیا،اعزازی تقریب کا نہ ہونا طلبا کی حق تلفی ہے ،انیس الرحمن. فوٹو: فائل

ثانوی تعلیمی بورڈ نے ذرائع ابلاغ کے سوالات سے بچنے کے لیے پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کے اعزاز میں روایتی اور تاریخی تقریب نہ کرنے کافیصلہ کیاہے۔

فیصلے سے میٹرک جنرل گروپ کے امتحان میں متوقع پوزیشن لینے والے طلبا ذرائع ابلاغ کو تاثرات دینے سے محروم رہیں گے،ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ چیئرمین بورڈ فصیح الدین نے سیکریٹری بورڈ حور مظہر کی مشاورت سے کیا ہے،میٹرک جنرل گروپ کے نتائج کل جاری ہونگے، انٹربورڈکی جانب سے ہرسال طلبا کویہ موقع فراہم کیاجاتاہے تاہم وزیراعلیٰ سندھ کے ماتحت میٹرک بورڈنے طلبا کویہ موقع نہ دینے کافیصلہ کیاہے یادرہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے سابق چیئرمین شفیع اللہ قریشی نے بورڈکے معاملات کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کے سوالات سے بچنے کے لیے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرطلبا کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد کاسلسلہ ختم کردیا تھا۔



تاہم انظار زیدی کے چیئرمین بننے کے بعد یہ سلسلہ بحال کردیا گیا،واضح رہے کہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈزکی کنٹرولنگ اتھارٹی گورنرسندھ سے وزیراعلیٰ سندھ کومنتقل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کاکنٹرول بورڈز پرکمزور ہوتا جارہا ہے جس کے سبب تعلیمی بورڈزکومختلف معاملات میں اپنی من مانیاں کوموقع مل گیا ہے،ادھرتعلیم بچاؤایکشن کمیٹی کے چیئرمین انیس الرحمن نے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے پوزیشن ہولڈرزکے اعزازمیں تقریب منعقدنہ کرنے کے فیصلے پر مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ بورڈ کو پوزیشن ہولڈرطلبا کی حق تلفی سے روکیں۔