ہڈیوں کا شوربہ بلڈ پریشر، موٹاپے اور امراض قلب میں مفید

ویب ڈیسک  جمعـء 18 جنوری 2019
ہڈیوں کا شوربہ امراضِ قلب سمیت، بلڈ پریشر اور موٹاپے کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے (فوٹو: فائل)

ہڈیوں کا شوربہ امراضِ قلب سمیت، بلڈ پریشر اور موٹاپے کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے (فوٹو: فائل)

وینزویلا: ہڈیوں اور اس کے ریشوں سے بنا سوپ نہ صرف دل کو قوت دیتا ہے بلکہ کئی طرح کے امراض کو روکنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

اگر ہڈیوں کو گودے اور اس سے چپکے ہوئے ریشوں سمیت سرکے میں دھیرے دھیرے پکایا جائے تو اس شوربے کے کئی فوائد سامنے آتے ہیں۔ غذائی ماہرین اسے ’ایک نئی کافی‘ قرار دے رہے ہیں جس میں کئی طرح کے غذائی اجزا، معدنیات اور امائنو ایسڈز پائے جاتے ہیں۔

ہڈیوں کے شوربے یا سوپ میں کولاجِن کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جس سے جلد ہموار اور خوبصورت ہوتی ہے جبکہ جوڑوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں تاہم کولاجن ہماری جلد تک نہیں پہنچ پاتی کیونکہ وہ نظامِ ہاضمہ میں ٹوٹ پھوٹ کر امائنو ایسڈز میں بدل جاتی ہے۔

دل کے لیے مفید

ماہرین نے یہ نوٹ کیا کہ بھنی ہوئی ہڈیاں غالباً ایسے پروٹین خارج کرتی ہیں جو نظامِ ہضم کے دوران پہلے امائنو ایسڈ اور پھر پیپٹائڈز میں تقسیم ہوجاتے ہیں۔ اس پیچیدہ عمل میں جو پیپٹائڈز ملتے ہیں وہ اصل پروٹین سے قدرے مختلف ہوتے ہیں۔

وینزویلا میں انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے وابستہ پروفیسر لیٹیسیا موریا کہتی ہیں کہ شوربے کے پیپٹائڈز دل کے لیے مفید ہوتے ہیں اور ان میں موجود تین طرح کے اینزائم (خامرے) ایسے پائے جاتے ہیں جو دل کے پورے نظام کو باقاعدہ بناتے ہیں ۔ مثلاً ایک اینزائم اے سی ای ون ہائی بلڈ پریشر کو قابو میں رکھتا ہے اور دل کی بیماری سے وابستہ سوزش بھی کم کرتا ہے۔

علاوہ ازیں ہڈیوں کے شوربے میں پائے جانے والے دیگر اہم اجزا ٹائپ ٹو ذیابیطس، شریانوں کی تنگی اور دیگر امراض کو بھی روکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔