کراچی میں فائرنگ سے خاتون سمیت 3افراد ہلاک

سرجانی سیکٹر 7-Dمیں گھریلو جھگڑے کے دوران 46سالہ فریدہ کو داماد نے گولی ماردی


Staff Reporter July 17, 2013
سہراب گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، بلدیہ میں دانش جاں بحق۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر7-D میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 46 سالہ فریدہ زوجہ سلیم ہلاک ہوگئی جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لائی گئی، ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن شبیر اعوان نے بتایا کہ فریدہ کو اس کے داماد فرخ نے گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، مقتولہ 4 بچوں کی ماں تھی۔ انھوں نے بتایا کہ ملزم کی بیوی نے خلع کی درخواست دائر کی ہوئی ہے جس پر اس کا شوہر سسرال والوں کو اکثر دھمکیاں دینے آتا تھا اور افطار سے قبل بھی گھر آیا تھا تاہم واپس چلا گیا اور رات کو اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ آکر اس نے اپنی ساس کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔



ملزم 2 بچوں کا باپ اور نیو کراچی کا رہائشی ہے، پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے، سہراب گوٹھ کے علاقے فقیرا گوٹھ گلی نمبر 10 کے قریب 28 سالہ موسیٰ آقا خلیل نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں نجی اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج ہلا ک ہوگیا، مقتول نیو سبزی منڈی کے قریب گلشن آقاخیل کا رہائشی تھا تاہم پولیس واقعہ کو ذاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دے کر مزید تحقیقات کر رہی ہے ، بلدیہ ٹاؤن کے علاقے ساڑھے چار نمبر مہاجر کیمپ ہوٹل کے قریب 35 سالہ دانش نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول مدینہ کالونی بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی اور اس کے خلاف بلدیہ ٹاؤن کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے جبکہ اس کا ایک بھائی وقاص بھی مارا جاچکا ہے ۔