رمضان میں تحفظ کے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں آئی جی سندھ

پشاور انٹر چینج دھماکے کے تناظر میں آئی جی کی پولیس کو خصوصی ہدایات جاری.


Staff Reporter July 18, 2013
ویگنوں اور کوچز کے آخری اسٹاپس پر سیکیورٹی کی کڑی نگرانی کا انتظام کیا جائے فوٹو: فائل

پشاور انٹر چینج بم دھماکے کے تناظر میں آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے سندھ پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے تمام شعبے فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں، مساجد ، امام بارگاہوں ، نماز تراویح کے دیگر کھلے مقامات کی اطراف اور رمضان المبارک کے جاری اور آنے والے عشروں نماز جمعہ کے علاوہ یوم علی پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

صوبے بھر میں قائم بس ٹرمینلز ، ٹرک اڈوں ، گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرمینلز کے ساتھ مسافر بسوں ، ویگنوں اور کوچز وغیرہ کے آخری اسٹاپ سے متعلقہ تھانوں کی سطح پر سیکیورٹی اور کڑی نگرانی اور سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔



رمضان المبارک میں کنٹی جنسی پلان پر عمل در آمد یقینی بناتے ہوئے تمام پبلک مقامات پر اہم سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں ، دفاتر ، حساس تنصیبات ، صنعتی و تجارتی علاقوں میں سادہ لباس اور باوردی پولیس افسران و جوانوں کی ڈپلائمنٹ باقاعدہ بریفنگ کے تحت کی جائے تاکہ سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کو فول پروف بنایا جا سکے۔