خود مختار اداروں کارپوریشنز کے سربراہان کا تقرر آزاد کمیشن کریگا وزیراعظم نے منظوری دیدی

وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرئوف چوہدری کمیشن کے سربراہ،شمس قاسم لاکھااورڈاکٹراعجازنبی ممکنہ طور پرارکان ہونگے


Numainda Express July 18, 2013
عالمی ایچ آرفرم معاونت کریگی،وفاق کے زیرانتظام 126غیر مالیاتی اورایک درجن سے زائدمالیاتی اداروں کے سربراہان کا چناؤ ہوگا فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف نے حکومتی نظام کار شفاف رکھنے کے اپنے وعدے کی تکمیل کی جانب انتہائی ٹھوس قدم اٹھاتے ہوئے ایک اعلیٰ اختیاراتی آزاد کمیشن کے قیام کی منظوری دی ہے۔

جوسپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی گائیڈ لائنزکے مطابق خودمختار سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں کے سربراہان وچیف ایگزیکٹوز کا چنائو اورتقرریاںکیاکریگا،وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرئوف چوہدری اس کمیشن کے سربراہ ہونگے جبکہ سول سوسائٹی سے انتہائی اچھی شہرت کے حامل شمس قاسم لاکھا اورڈاکٹراعجاز نبی ممکنہ طورپراس کے ممبران ہونگے،عالمی شہرت یافتہ ایچ آر فرم کمیشن کی معاونت کریگی جس کاچنائو بھی شفاف اندازمیں کیا جائیگا،شمس قاسم لاکھاسابق نگراں وزیر برائے سائنس ٹیکنالوجی اورآغاخان یونیورسٹی کے بھی صدررہے ہیں،مارچ 2013ء میں پیپلزپارٹی نے ان کا نام نگراں وزیراعظم کیلیے بھی تجویز کیاتھا،ڈاکٹراعجازنبی ماہر معاشیات ہیںاورورلڈ بینک کے سائوتھ ایشیا ریجن کے سربراہ رہے ہیں،لاہوریونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسزمیںپڑھاتے رہے ہیں۔

وہ وزیراعظم کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کے ممبربھی رہے ہیں ۔ قومی خودمختاراداروں اور کارپوریشنوں کے سربراہان کی شفاف تعیناتی ممکن بنانے کے حکومتی فیصلے کے نتیجے میں وفاقی حکومت کے زیرانتظام 126غیر مالیاتی اداروں اور تقریباً ایک درجن سے زائد مالیاتی اداروں کے سربراہان کا چنائو ہوگا ۔ ان اداروں میں قابل ذکر اے پی پی،اٹک ریفائنری،سی ڈی اے ،سول ایوی ایشن ، کاٹن ٹریڈنگ کارپوریشن ،ایکسپورٹ پراسیسنگ زون،کے ای ایس سی،کراچی پورٹ ٹرسٹ ،کراچی شپ یارڈ، نیشنل بک فائونڈیشن ، نیشنل کنسٹرکشن، نیشنل انجینئرنگ ، نیشنل فرٹیلائزر، این ایچ اے ، این ایل سی، او جی ڈی سی ایل ، اوورسز ایمپلائمنٹ کارپوریشن ، اوپی ایف ، پی آئی اے ،



منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ، نیشنل شپنگ کارپوریشن، پاکستان پٹرولیم، پاکستان پوسٹ آفس، پاکستان ریلوے ، پاکستان اسٹیٹ آئل، پاکستان اسٹیل ملز، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، پاکستان ٹیلی ویژن، پورٹ قاسم اتھارٹی ، پرنٹنگ کارپوریشن،ا سٹیٹ انجینئرنگ ہیوی مکنیکل کمپلیکس ،سوئی ناردرن اور سوئی سدرن ، ٹیلی فون انڈسٹریز، ٹریڈنگ کارپوریشن، یوٹیلٹی ا سٹورکارپوریشن، واہ انڈسٹریز اور واپڈاکے متعدد ادارے شامل ہیں۔

مالیات سے متعلق خودمختار ادارے اور کارپوریشن اس کے علاوہ ہیں جن میں قابل ذکر سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، نیشنل انشورنس ، فرسٹ ویمن بینک، نیشنل بینک آف پاکستان، زرعی ترقیاتی بینک، انڈسٹریل ڈیولپمنٹ بینک، ایس ایم ای بینک، خوشحالی بینک اور ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن وغیرہ شامل ہیں،ایسے ہی خودمختار اداروں کی فہرست میں بلوچستان کے 3 ، خیبرپختونخوا کے 16، پنجاب کے 9اورسندھ کے زیرانتظام 6 ادارے ہیں ان کا فیصلہ متعلقہ صوبائی حکومتیں کریں گی۔