جسٹس مقبول پر حملے کے ملزمان کا پولیس نے ریمانڈ لے لیا

سرجانی پولیس نے کالعدم تنظیم کے ملزمان معاویہ اور قاری امین کو عدالت میں پیش کردیا


Staff Reporter July 18, 2013
فاضل عدالت نے ملزمان کو 25 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے۔ فوٹو: فائل

تھانہ سرجانی نے جسٹس مقبول باقر حملہ کیس میں گرفتار کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزمان محمد معاویہ اور قاری محمد امین کو عدالت میں پیش کردیا ہے اور7 روزہ جسمانی ریمانڈحاصل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سرجانی ٹائون نے مذکورہ ملزمان کی گرفتاری اقدام قتل ، پولیس مقابلہ اور اسلحہ ایکٹ کے الزام میں ظاہر کی ہے جمعرات کوملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کے روبرو پیش کیا گیا تھا اس موقع پر پولیس نے ملزمان کو 14یوم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔



تاہم فاضل عدالت نے ملزمان کو 25 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے استغاثہ کے مطابق تھانہ سرجانی ٹائون نے مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا اور دوران مقابلہ ملزم محمد معاویہ کے والد حافظ محمد بشیر ہلاک ہوگئے تھے، ملزمان کے خلاف تھانہ سرجانی میں مقدمہ درج ہے۔