کراچی فائرنگ تشدد 4 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک

کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے بلال کالونی بنگالی پاڑہ میں60 سالہ محمد شفیع کونامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا


Staff Reporter July 19, 2013
گلبہار میں بلڈرمارا گیا، بلدیہ، کورنگی اورکیماڑی میں 3 ہلاک، بلوچستان کے لاپتہ شخص سمیت 3 افراد کی لاشیں ملیں، شارع فیصل پرمسلح تصادم۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 4پولیس اہلکاروں اور بلڈر سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سندھی مسلم سوسائٹی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے فیروز آباد تھانے کا اے ایس آئی غلام مصطفی ہلاک ہو گیا،مقتول محمود آباد سی این جی فلنگ اسٹیشن کے قریب کا رہائشی تھاجبکہ اس کا آبائی تعلق میانوالی سے تھا ، مقتول2004 سے فیروز آباد تھانے میں تعینات تھا،واقعے کے وقت غلام مصطفیٰ ایک پولیس اہلکار کے ہمراہ ملزمان کی انفارمیشن پربیٹھے تھے۔عزیزآبادکے علاقے کریم آباد فرنیچر مارکیٹ میں موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار42 سالہ غیاث الدین اور اس کا ساتھی پولیس اہلکار30سالہ محمد سلیم زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں غیاث الدین دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا،مقتول پولیس اہلکار ملیر کا رہائشی اور3 بچوں کا باپ تھا۔

سائٹ حبیب بینک چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے لانڈھی جیل میں تعینات پولیس اہلکار 28 سالہ وقار احمدہلاک ہوگیا، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جس وقت فائرنگ کی گئی ایس ایچ او سائٹ طفیل احمد علاقہ گشت پرتھے تاہم فائرنگ کی آواز سن کر انھوں نے کوئی کارروائی نہیں کی اور عباسی شہید اسپتال پہنچ کا ضابطے کی کارروائی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تاہم جب ان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں تفصیلات بتانے سے گریز کیااور صرف پولیس اہلکار کا نام بتا کر فون بند کردیا۔ گارڈن کے علاقے شومارکیٹ باغ ہالارکے قریب جھگڑے کے دوران نامعلوم ملزمان نے 35 سالہ افسرشاہ کی گردن میں لوہے کی راڈسے حملہ کردیااسے شددیدزخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ دم توڑ گیا،مقتول اہلکار گارڈن ہیڈ کوارٹرز کارہائشی اورسیکیورٹی زون میں تعینات تھا،پولیس کا کہنا ہے واقعہ زاتی جھگڑے کا شاخسانہ ہے تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

گلبہار تھانے کی حدودمیں واقع امام زمانہ امام بارگاہ کے عقب میں واقع بند گلی میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ حافظ محمد سلیم الدین ہلاک ہو گیا،مقتول ناظم آباد نمبر 2 کا رہائشی اور کنسٹریکشن کمپنی کامالک تھا ، مقتول ان دنوں اپنے گھر کی چھت پر نماز تراویح پڑھا رہاتھا،واقعے کے وقت مقتول اپنے زیرتعمیر پلاٹ پر کام کی نگرانی کیلیے بیٹھاتھااور رات کو تراویح پڑھانے کے لیے قرآن پاک کی تلاوت کر رہا تھاکہ ایک موٹر سائیکل پر سوارملزمان نے فائرنگ کردی۔جیسکن تھانے کی حدودکیماڑی سکندرآبادمبارک مسجد کے قریب کے رہائشی40سالہ رحمان شاہ کونامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیااورفرارہوگئے ،مقتول کاآبائی تعلق صوابی سے تھا۔چاکیواڑہ تھانے کی حدودلیاری بہار کالونی شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ یاسین مسجد کے قریب 25 سالہ امجدکی لاش ملی،مقتول کلاکوٹ کے علاقے حاجی پکچر روڈ کارہائشی تھا۔



ذرائع کے مطابق مقتول تقریباً8 سال قبل تک لیاری علی محمدمحلے میں رہائش پزیرتھا اور لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم غفار زکری گروپ کاکارندہ تھا تاہم کسی بات پر غفار زکری سے جھگڑے پر اس کے ساتھیوں نے امجد کے بھائی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا جس کے بعد امجد کے اہلخانہ اس علاقے سے کلاکوٹ کے علاقے میں منتقل ہو گئے تھے ،ذرائع نے بتایا کہ مقتول کو گینگ وار کے ملزمان نے اغوا کے بعد قتل کر کے اس کی لاش کچھی کمیونٹی کے علاقے میں پھینک دی تاکہ قانون نافذ کرنے والے سمجھیں کہ امجد کو کچھی کمیونٹی کے ساتھ موجودغفار زکری کے ساتھیوں نے قتل کیا ہے۔منگھو پیر کے علاقے ناردرن بائی پاس خیر آباد کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت30 سالہ اعجاز بلوچ کے نام سے کر لی گئی ،مقتول بلوچستان کے علاقے پنجگور کا رہائشی تھا ، مقتول کا نام بلوچستان کے مسنگ پرسن کی لسٹ میں شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق مقتول ایک سال قبل دبئی جانے کے لیے گھر سے کراچی ایئر پورٹ جانے کے لیے نکلا تھا۔مقتول اعجاز بلوچ کاہم زلف ظفر بلوچ لاش وصول کرنے منگھو پیر تھانے پہنچاتو پولیس نے لاش دینے کے لیے مبینہ طور پر رقم کا تقاضہ کیا۔اورنگی ٹاؤن نمبرپونے 5ندی میں کچرا کنڈی کے قریب سے3 سے 4روز پرانی تشدد زدہ لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن عمرفاروق محلہ قائمخانی کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد شدیدزخمی ہوگئے جنھیں انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لیجایا گیاجہاں دونوں زخمی 50 سالہ مکمل شاہ اور 52 سالہ فرید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے،دہرے قتل کی واردات کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد نے دکانیں و کاروبار بندکرادیا۔

کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کورنگی بلال کالونی بنگالی پاڑہ میں60 سالہ محمد شفیع کونامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔شارع فیصل وائرلیس گیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قاسم رضا نامی شخص زخمی ہوگیاجسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا واقعے کے بعدفلک ناز پلازہ کے مکینوں نے شارع فیصل پرنکل کر شدید احتجاج کیااورٹائرنذر آتش کیے جس کی وجہ دے شارع فیصل کے دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگیااوردونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ فلک ناز پلازہ پر2 گروپوں کے درمیان قبضے کے تنازع نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فلک ناز پلازہ پرلیاری گینگ وار کے سہیل ڈاڈا گروپ نے قبضے کے لیے اس سے قبل بھی کوشش کی تھی اورفائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔