تنخواہ کی عدم ادائیگی ملازمین کاسوک سینٹر میں تالہ بندی کا اعلان

گرانٹ تاحال کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر نہیں کی جاسکی،ذوالفقار شاہ


Staff Reporter July 20, 2013
تاحال 19جولائی گزرنے کے باوجود یہ اسپیشل گرانٹ کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر نہیں کی جاسکی. فوٹو: فائل

سجن یونین (سی بی اے ) کے ایم سی کے مرکزی صدر ذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ دو ہفتے قبل وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کے ایم سی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 50کروڑ روپے جاری کرنے کی سمری منظور کی گئی تھی۔

جس سے مئی کی تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کی جانی تھی لیکن تاحال 19جولائی گزرنے کے باوجود یہ اسپیشل گرانٹ کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے کے ایم سی ،کے ڈی اے ملازمین اور پنشنرز کو مئی کے ساتھ ساتھ جون کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کی جاسکی ہیں ۔



اب کے ایم سی انتظامیہ ماہوار تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے ملازمین کو 23 جولائی کی تاریخ دے رہی ہے جس سے کے ایم سی اور کے ڈی اے ملازمین میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے، کے ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) اور کے ایم سی سجن یونین (سی بی اے ) کے کارکنان نے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف منگل 23 جولائی کو سوک سینٹر میں تالہ بندی کرنے کے ساتھ ساتھ احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔